نئی دہلی: ریلوے نے اتراکھنڈ کے ریلوے اسٹیشنوں کے پلیٹ فارم پر سائن بورڈز سے اردو زبان کو ہٹا کر سنسکرت کے استعمال سے متعلق وضاحت پیش کر دی ہے۔ ریلوے کا کہنا ہے کہ سائن بورڈز سے اردو زبان کو ہٹانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
عہدیداروں نے اس سے قبل سنسکرت کے استعمال سے متعلق ریلوے قوانین کا حوالہ دیا تھا لیکن اب ریلوے نے اردو کو ہٹائے جانے کی تردید کرتے ہوئے وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔ ریلوے نے کہا کہ موجودہ زبانوں کے ساتھ سنسکرت کو ایک اضافی زبان کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، اردو کو ہٹایا نہیں جائے گا۔
Indian Railways:Indian Railways has neither replaced Urdu language from any station nor has any intention to do so presently.Sanskrit may be used as additional language apart from existing languages in sign-boards at stations,but will not replace Urdu language wherever it exists. pic.twitter.com/uE76b4W1Lh
— ANI (@ANI) February 7, 2020
شمالی ریلوے کے چیف افسر تعلقات عامہ دیپک کمار نے یہاں بتایا کہ مختلف اخبارات میں اتراکھنڈ میں ریلوے اسٹیشنوں کے سائن بورڈوں سے اردو زبان کو ہٹانے کے سلسلہ میں شائع خبر کے ضمن میں یہ واضح کیا جاتا ہے کہ ہندوستانی ریلوے نے کسی بھی اسٹیشن سے نہ تو اردو زبان کو ہٹایا ہے اور نہ ہی ایسا کرنے کا کوئی ارادہ ہے۔

دیپک کمار نے کہا کہ سنسکرت زبان کو ریلوے اسٹیشنوں پر لگے سائن بورڈز پر ایک اضافی زبان کے طور پر لکھی جا سکتی ہے لیکن اسے اردو زبان کو ہٹا کر نہیں لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہدایت بورڈز، سائن بورڈز، نام کی تختیوں پر زبانوں کے استعمال سے متعلق ریلوے بورڈ کے سرکلر اور وزارت داخلہ کے میمو کے مطابق ہے۔
اس سے پہلے راجیہ سبھا میں ریل وزیر پیوش گوئل نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزارت داخلہ کی طرف سے سائن بورڈز میں استعمال کی جانے والی زبان میں تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ سائن بورڈز میں اردو زبان کو تبدیل نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شمالی ریلوے کے چیف تعلقات عامہ کے افسر دیپک کمار نے ریلوے ضوابط کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا تھا کہ پلیٹ فارم کے سائن بورڈ پر ریلوے اسٹیشنوں کا نام ہندی اور انگریزی کے بعد متعلقہ ریاست کی دوسری سرکاری زبان میں لکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سنسکرت یہاں کی دوسری زبان ہے، لہذا اس اصول کے تحت تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
ریلوے کے اس دعوے کے بعد یہ خبر بھی منظر عام پر آئی تھی کہ ہریدوار جیسے کچھ اسٹیشنوں پر سائن بورڈ پر سنسکرت نظر آ رہی ہے۔ ادھر، انڈین ریلوے نے سنسکرت کو ہٹانے اور پہاڑی ریاست کے تمام اسٹیشنوں میں موجود سائن بورڈز پر اردو کے استعمال کی خبر کی تردید کی ہے۔ نیز، مستقبل میں بھی ایسا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو