ناندیڑ ایم آئی ڈی سی میں 20.99 لاکھ روپے کا مشتبہ ملاوٹی خوردنی تیل ضبط

9,744 کلوگرام خوردنی تیل کا ذخیرہ ضبط، محکمہ خوراک و ادویات انتظامیہ کی مشترکہ کارروائی

ناندیڑ، 27 اکتوبر: (ورق تازہ نیوز)محفوظ غذا، محفوظ ادویات اور محفوظ مہاراشٹر کے تصور کے تحت غذائی اشیاء میں ممکنہ ملاوٹ کی روک تھام کے لیے محکمہ خوراک و ادویات انتظامیہ نے کارروائی تیز کردی ہے۔ اسی سلسلے میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے خفیہ اطلاعاتی شعبہ اور ناندیڑ محکمہ خوراک و ادویات انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم نے 26 اکتوبر 2026 کو ناندیڑ کی صنعتی بستی میں واقع میسرز شیونگنگا آئل مل پر چھاپہ مار کر 9,744 کلوگرام مشتبہ ملاوٹی خوردنی تیل کا ذخیرہ ضبط کیا۔ ضبط شدہ تیل کی مالیت 20 لاکھ 99 ہزار 507 روپے بتائی گئی ہے۔

موصولہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر یہ کارروائی ناندیڑ ایم آئی ڈی سی کے ڈی-19 میں واقع میسرز شیونگنگا آئل مل پر انجام دی گئی۔ یہ ادارہ خوردنی تیل تیار کرتا ہے۔ کارروائی کے دوران فروخت کے لیے تیار کیے گئے ڈبل فلٹر شدہ مونگ پھلی کے تیل، صاف شدہ سویابین تیل اور صاف شدہ سورج مکھی کے تیل کے نمونے جانچ کے لیے حاصل کیے گئے۔ مذکورہ خوردنی تیل میں ملاوٹ کا شبہ ہونے کے باعث متعلقہ ذخیرے کو ضبط کرلیا گیا۔

یہ کارروائی چھترپتی سمبھاجی نگر کے جوائنٹ کمشنر برائے خوراک مسٹر کرکالے کی ہدایات اور ناندیڑ ڈویژن نمبر 1 کے اسسٹنٹ کمشنر برائے خوراک ایس۔ ڈی۔ جنتورکر کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔

مشترکہ کارروائی میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے خفیہ اطلاعاتی شعبے کے فوڈ سیفٹی آفیسر یوگیش چبھڑے کے علاوہ ناندیڑ کے فوڈ سیفٹی آفیسر محترمہ اے۔ کے۔ دھوداٹے اور ایس۔ وی۔ کنکواڑ شامل تھے۔

محکمہ خوراک و ادویات انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری غذائی اشیاء فراہم کرنے کے لیے مسلسل جانچ مہم چلائی جارہی ہے۔ غذائی اشیاء میں ممکنہ ملاوٹ کی روک تھام کے لیے ضروری معائنہ اور ضابطوں کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت کے تحفظ اور غذائی اشیاء کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ پابند عہد ہے۔