بی جے پی کے ریاستی صدر چندرکانت پاٹل اب ہمالیہ جانے کی تیاری کریں
ممبئی:کولہاپورشمال اسمبلی ضمنی انتخاب میں مہاوکاس اگھاڑی کی امیدوار جے شری جادھو کی جیت مہاراشٹر اور ملک کو ایک نئی سمت دے گی۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ راجرشی چھترپتی شاہو مہاراج کی سرزمین کے غیور لوگوں نے بی جے پی کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور اس کو اس کی اوقات بتادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کولہاپور میں ای ڈی کی دھمکی دینے اور مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرنے کی سیاست کرنا چاہتے تھے، لیکن یہاں کے لوگوں نے بی جے پی کو منہ توڑ جواب دیا اور ان کی گویائی بند کردی ہے۔
کولہا پورشمال ضمنی انتخاب کے نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ یہ شہر راجرشی چھترپتی شاہو مہاراج کی جائے پیدائش ہے۔ سماجی مساوات کی اس سرزمین میں ذات پات اور مذہب کے نام پر زہر اگلنے والوں کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوتیں۔ کولہاپور ضمنی انتخاب میں دیویندر فڈنویس سمیت بی جے پی کے سبھی لیڈروں نے مذہبی تقسیم پیدا کرکے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی، لیکن کولہاپور کی خوددار عوام نے ذات پات کی منافرت پھیلانے والوں کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ رسید کیا ہے۔ مہا وکاس اگھاڑی کی امیدوار کی آج کی جیت یہ بتاتی ہے کہ ترقی پسند مہاراشٹر کس طرف جائے گا۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے آج کی جیت پر کولہاپور کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پٹولے نے کہا کہ ملک میں پٹرول، ڈیزل، گیس سمیت ضروری اشیاء کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ بے روزگاری نوجوانوں کو درپیش ایک سنگین مسئلہ ہے۔ کسانوں اور مزدوروں کی حالت نہایت خراب ہے۔ جب ملک ان سلگتے ہوئے مسائل سے دوچار ہے، بی جے پی نے مرکزی حکومت کی ناکامی کو چھپانے کے لیے مذہبی مسائل کو اٹھایا۔ لیکن مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے کام کی وجہ سے کولہاپور میں ہماری جیت کا راستہ آسان ہو گیا۔ اس جیت نے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی مہا وکاس اگھاڑی حکومت کے کام پر مہر ثبت کر دی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر چندرکانت پاٹل نے کہا تھا کہ اگر کولہاپور میں بی جے پی کو شکست ہوئی تو وہ ہمالیہ چلے جائیں گے۔ کولہاپور میں کراری شکست کے بعد اب پاٹل کے ہمالیہ جانے کا وقت آگیا ہے۔
پٹولے نے کہا کہ کولہا پور نارتھ کے عوام نے جو فیصلہ دیا ہے وہ کانگریس پارٹی کے لیے حوصلہ افزا ہے اور یہ کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور شیوسینا کے عہدیداروں اور کارکنوں کی محنت کا ثمر ہے، اس کے لیے تمام کارکن مبارکباد کے مستحق ہیں۔ کولہاپور کی جیت کے بعد ریاستی کانگریس کے تلک بھون دفتر میں لیڈروں اور کارکنوں نے آتش بازی کے علاوہ مٹھائیاں بانٹ کر اس جیت کا جشن منایا۔