
بیدر۔30؍اکتوبر۔(محمدامین نواز بیدر)۔بزمِ شاہین کے سربراہ و مجاہد اُردو الحاج حافظ محمد اکرام المعروف بابا جی کے بموجب سابق روایت کے کو جاری رکھتے ہوئے بزمِ شاہین‘ بنگلورکے زیر اہتمام بنگلور میں مورخہ13؍نومبر بروز منگل بوقت رات9بجے عظیم الشان پیمانے پر33واں کُل ہند مشاعرہ بمقام کلاکشیترا ‘جے۔ سی۔ روڈبنگلور میں انعقاد عمل میں آرہا ہے۔جناب الحاج باباجی نے بتایا کہ مشاعرہ کے انعقاد کا مقصد اُردو کی خدمت اور اس کے فروغ کیلئے اقدامات کرنا ہے۔ وہیںاس کے ذریعہ قومی یکجہتی کا فروغ بھی اہم مقصد میں شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری یہ کوشش ہے کہ مشاعروں کے انعقاد کے ذریعہ محبت کی فضا کو عام کیا جائے ‘دلوں سے نفرت اور کدورت کو مٹایا جائے ‘کیونکہ امن و امان کی فضاء قائم کئے بغیر کوئی بھی تعمیری کام ممکن نہیں ‘ انھو ںنے کہا کہ بزمِ شاہین کے زیرِ اہتمام منعقد کئے جانے والے مشاعروں میں جہاں محبان اُردو بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں وہیں بردارانِ وطن بھی ایک وافر تعداد میں موجود ہوتی ہے۔ جو اُردو سے محبت کا عملی ثبوت پیش کرتی ہے۔مذکورہ مشاعرہ میںملک کے ممتاز شعرا کرام میں‘ ڈاکٹر سنیل پنواری ‘ عارف سیفی حیدرآباد‘ سکندر حیات ‘گڑبڑ اترا کھنڈ‘ التمش طالب ناندیڑ مہاراشٹرا‘ عالم نظامی بمبئی‘ یوسف یلغار بمبئی ‘ وسیم جھنجانوی ‘معصوم کم عمر شاعر محمد غازی کٹک اڑیسہ‘ ریاض احمد خمار بنگلور‘ غفران امجدبنارسی‘ شیخ حبیب بنگلور ‘‘ نیاز الدین نیازبنگلور‘ اور عزیز داغ بنگلور‘ کے علاوہ شاعرات میں خوشبو رامپوری‘ مہک کیرانوی‘رادھیکا متل یو پی‘فلک سلطان پوری‘شمیم کوثر آگراہ دیگر اپناکلام پیش کریںگے۔ جناب الحاج مبین منور چیرمن کرناٹک اُردو اکاڈیمی مشاعرہ کی صدارت کریں گے جبکہ نظامت کے فرائض جناب شفیق عابدی انجام دیں گے۔پروگرام میں معزز عمائدین و سیاسی قائدین بطورمہمانانِ خصوصی شریک رہیں گے ۔جناب الحاج محمد اکرام المعروف بابا جی نے تمام ادب نواز محبانِ اُردو سے شرکت کی گذارش کی ہے ۔