ناندیڑ:( ورق تازہ نیوز)شہر کے مدینہ نگر روڈ پر اردو گھر کے سامنے ہفتہ کی شام تقریباً 7 بجے چند شرپسند عناصر نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے پھل فروشوں کے ہاتھ گاڑوں کو الٹ دیا اور پتھراؤ کیا۔ اس واقعے میں پھل فروشوں کا مالی نقصان ہوا، جبکہ پتھراؤ کی زد میں آنے سے ایک اسکول وین کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق ناندیڑ شہر کے گنج علاقہ، مدینہ نگر روڈ پر اردو گھر کے سامنے باغبان برادری سے تعلق رکھنے والے بعض افراد پھلوں کے ہاتھ گاڑے لگاکر اپنا روزگار چلاتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ہفتہ کی شام چند مبینہ شرپسند افراد وہاں پہنچے اور پھل فروشوں سے زبردستی پھل حاصل کرنے کی کوشش کرنے کے ساتھ ان سے ہفتہ وصولی کی رقم کا مطالبہ بھی کیا۔

پھل فروشوں کی جانب سے انکار کیے جانے پر ان افراد نے مبینہ طور پر ان کے ساتھ مارپیٹ شروع کردی اور غصے میں آکر پھلوں سے لدے ہاتھ گاڑوں کو الٹ دیا، جس کے نتیجے میں پھل فروشوں کو کافی مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ اسی دوران شرپسندوں کی جانب سے پتھراؤ بھی کیا گیا، جس کی زد میں آکر وہاں سے گزرنے والی ایک اسکول وین کو نقصان پہنچا اور اس کے شیشے ٹوٹ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ اتوارہ پولیس بھی چائے واقع پہنچ گئی اور حالت کو قابو میں کر لیا۔معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مجلس اتحاد المسلمین کے قائد سید معین کی ہدایت پر مجلسِ کے کارپوریٹرس بھی اتوارہ پولیس اسٹیشن پہنچے اور متاثرہ افراد کے ساتھ موجود رہے۔
اس واقعے کے سلسلے میں اتوارہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرنے اور مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ واقعے کی مزید تفصیلات اور ملزمین کے خلاف ہونے والی کارروائی کی اطلاع بعد میں دی جائے گی۔