ناٹنگھم . پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی جیت کا کریڈٹ کسی ایک کو نہیں پوری ٹیم کو جاتا ہے ، ٹیم نے قوم کو عید سے قبل تحفہ دیا ہے ،ٹورنامنٹ میں مزید بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔میچ کے بعد سرفراز احمد نے کہا کہ اچھی اوپننگ شراکت نے ہماری جیت کی بنیاد رکھی اور اس کے بعد محمد حفیظ ،بابر اعظم اور بولروں نے ہمیں جیت پر گامزن کیا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کی اچھی کارکردگی میں فیلڈنگ کا کردار اہم ہوتا ہے۔انگلینڈ کی ون ڈے سیریز میں ہم نے خراب فیلڈنگ کی تھی اللہ کا شکر ہے کہ گیارہ مسلسل میچ ہارنے کے بعد ہم نے اچھی کارکردگی دکھائی اور اسی جذبے کو ٹورنامنٹ میں قائم رکھنا چاہتے ہیں۔انگلینڈ کے کپتان این مورگن نے کہا کہ پاکستان بہت اچھا کھیلا لیکن ہم اس میچ کے اچھی اور مثبت چیزوں کے ساتھ بنگلہ دیش کے میچ میں جائیں گے۔