تھانے میونسپل کارپوریشن انتخابات: دستبرداری کے بعد 649 امیدوا ر میدان میں وارڈ کمیٹیوں کے لحاظ سے امیدواروں کی حتمی تصویر واضح
تھانے میونسپل کارپوریشن انتخابات: دستبرداری کے بعد 649 امیدوار میدان میں
وارڈ کمیٹیوں کے لحاظ سے امیدواروں کی حتمی تصویر واضح

تھانے (آفتاب شیخ)
15 جنوری 2026 کو ہونے والے تھانے میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی حتمی تعداد سامنے آ گئی ہے۔ 9 وارڈ کمیٹیوں سے امیدواروں کی دستبرداری کے عمل کے بعد اب مجموعی طور پر 649 امیدوار انتخابی میدان میں باقی رہ گئے ہیں۔ انتخابی شیڈول کے مطابق 30 دسمبر 2025 تک مختلف وارڈ کمیٹیوں سے کل 1107 کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے گئے تھے، جن میں سے جانچ کے دوران 99 کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے، جبکہ 1008 نامزدگیاں درست قرار دی گئیں۔ بعد ازاں یکم اور 2 جنوری 2026 کو کل 269 امیدواروں نے اپنے کاغذات واپس لے لیے، جس کے بعد 649 امیدوار حتمی طور پر میدان میں رہ گئے ہیں۔
انتخابی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ماجیواڑا–مانپاڑا وارڈ کمیٹی سے 125 نامزدگیاں داخل ہوئیں، جن میں سے 5 مسترد ہوئیں اور 120 درست قرار پائیں، بعد ازاں 28 امیدواروں نے دستبرداری اختیار کی، جس کے بعد یہاں 92 امیدوار میدان میں ہیں۔ ورتک نگر وارڈ کمیٹی سے 122 نامزدگیاں داخل ہوئیں، 10 مسترد ہوئیں، 112 درست پائیں، 32 امیدوار دستبردار ہوئے اور 65 امیدوار باقی رہ گئے۔ لوکمانیہ ساورکر نگر وارڈ کمیٹی میں 139 نامزدگیاں داخل ہوئیں، 8 مسترد، 131 درست، 33 دستبرداری کے بعد 83 امیدوار میدان میں ہیں۔
واگلے اسٹیٹ وارڈ کمیٹی سے 105 نامزدگیاں داخل ہوئیں، 16 مسترد، 89 درست قرار پائیں، 50 امیدواروں نے دستبرداری اختیار کی اور 36 امیدوار مقابلے میں ہیں۔ نوپاڑا–کوپری وارڈ کمیٹی میں 92 نامزدگیاں داخل ہوئیں، 16 مسترد، 76 درست، 17 دستبرداری کے بعد 52 امیدوار باقی ہیں۔ اُتھلسر وارڈ کمیٹی سے 90 نامزدگیاں داخل ہوئیں، صرف ایک مسترد ہوئی، 89 درست قرار پائیں، 22 امیدواروں کی دستبرداری کے بعد 50 امیدوار میدان میں ہیں۔
کلوا وارڈ کمیٹی میں سب سے زیادہ 143 نامزدگیاں داخل ہوئیں، جن میں سے 21 مسترد ہوئیں اور 122 درست قرار پائیں، 35 امیدوار دستبردار ہوئے اور 82 امیدوار انتخابی مقابلے میں ہیں۔ ممبرا وارڈ کمیٹی (وارڈ نمبر 26 تا 31) سے 82 نامزدگیاں داخل ہوئیں، 7 مسترد، 75 درست، 20 امیدواروں کی دستبرداری کے بعد 39 امیدوار میدان میں ہیں۔ ممبرا وارڈ کمیٹی (وارڈ نمبر 30 تا 32) میں 74 نامزدگیاں داخل ہوئیں، 10 مسترد، 64 درست، صرف 4 امیدوار دستبردار ہوئے اور 57 امیدوار باقی ہیں۔
دیوا وارڈ کمیٹی (27 تا 28) سے 63 نامزدگیاں داخل ہوئیں، ایک مسترد، 62 درست قرار پائیں، 16 امیدوار دستبردار ہوئے اور 42 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ دیوا وارڈ کمیٹی (29 تا 33) میں 72 نامزدگیاں داخل ہوئیں، 4 مسترد، 68 درست، 12 امیدواروں کی دستبرداری کے بعد 51 امیدوار انتخابی مقابلے میں ہیں۔
میونسپل کمشنر اور الیکشن آفیسر سوربھ راؤ نے بتایا کہ حتمی فہرست کے مطابق ہفتہ، 3 جنوری 2026 کو تمام امیدواروں کو انتخابی نشانات تقسیم کیے جائیں گے، جس کے بعد انتخابی مہم باضابطہ طور پر زور پکڑے گی۔ انتخابی انتظامیہ کے مطابق تمام مراحل ضابطوں کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے۔