الیکشن کمیشن عوام کی نہیں تو کم از کم اپنی ضمیر کی آواز سن کر راہل نارویكر کے خلاف کارروائی کرے: ہرش وردھن سپکال

اسمبلی اسپیکر راہل نارویكر کا رویہ غنڈوں اور موالیوں جیسا، خود کو آئین سے بالا تر سمجھنے لگے ہیں

بدنام غنڈے نیلیش گھایوال معاملے میں اجیت پوار کا انکشاف نہایت سنگین، مدد کرنے والے مرکزی وزیر مرلی دھر موہول سے فوری استعفیٰ اور سی بی آئی جانچ کا مطالبہ

ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے اسمبلی اسپیکر راہل نارویكر کے رویّے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے آئینی عہدے کا سنگین غلط استعمال کیا ہے اور ان کا طرزِ عمل ضابطۂ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ سپکال نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن اگر عوام کی آواز نہیں سنتا تو کم از کم اپنی ضمیر کی آواز سن کر راہل نارویكر کے خلاف فوری کارروائی کرے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپکال نے کہا کہ اسمبلی اسپیکر، کونسل کے چیئرمین، لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اسپیکرز اور گورنر جیسے عہدے غیر جانبدار اور غیر سیاسی کردار کے متقاضی ہوتے ہیں، مگر راہل نارویكر نے نہ صرف اپوزیشن امیدواروں کو دھمکایا بلکہ ان کی باڈی لینگویج اور لہجہ بھی غنڈہ گردی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نامزدگی کے عمل کے دوران اپوزیشن کو روکنے کے لیے انتخابی افسر کے راستے میں رکاوٹ ڈالی گئی، حتیٰ کہ سی سی ٹی وی فوٹیج تک کو ضائع کیا گیا، جو پورے معاملے کو مزید مشکوک بناتا ہے۔ سپکال نے کہا کہ اگر آئینی عہدوں پر بیٹھے افراد کے خلاف بروقت اور سخت کارروائی نہیں کی گئی تو جمہوری اقدار کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا، اور الیکشن کمیشن کو اپنی ساکھ بچانے کے لیے فوری قدم اٹھانا ہوگا۔

سپکال نے کہا کہ سابق رکنِ پارلیمنٹ ہری بھاؤ راٹھوڑ کو دھمکانا اور ان کی سیکیورٹی ہٹانے کی ہدایات دینا انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ ان کے بقول اسپیکر کے عہدے پر فائز شخص اگر خود کو آئین سے بالا تر سمجھنے لگے تو یہ جمہوریت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتخاب سے پہلے ہی دباؤ اور طاقت کے استعمال سے جمہوری عمل کو کمزور کیا جا رہا ہے، جس کے ملک گیر اثرات پڑ سکتے ہیں۔

70 ہزار کروڑ روپے کے مبینہ بدعنوانی معاملات پر بات کرتے ہوئے سپکال نے کہا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ ایک دوسرے کے خلاف کارروائی نہیں ہونے دیتے، مگر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی جانب سے سامنے آئے انکشافات نے مرکز اور ریاستی قیادت کو کھلی چیلنج دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجیت پوار کے انکشاف کے مطابق بدنام غنڈے نیلیش گھایوال کو پاسپورٹ دلوانے میں مرکزی وزیر مرلی دھر موہول کی مبینہ مدد نہایت سنگین معاملہ ہے۔ یہ پاسپورٹ ایکٹ 1967 کی خلاف ورزی اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرلی دھر موہول سے فوری استعفیٰ لیا جائے اور پورے معاملے کی سی بی آئی جانچ کرائی جائے۔

MPCC Urdu News 3 January 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading