بلامقابلہ انتخابات جمہوریت کے خلاف، ووٹروں کے ساتھ دھوکہ: ایم این ایس
تھانے میں ایم این ایس کا امبیڈکر مجسمے کے پاس سیاہ ربن باندھ کر احتجاج

تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات کے سلسلے میں بلامقابلہ منتخب کیے گئے امیدواروں کے خلاف مہاراشٹر نونرمان سینا کی جانب سے سخت احتجاج کیا گیا۔ ایم این ایس نے الزام عائد کیا کہ سرکاری مشینری کے غلط استعمال کے ذریعے اپوزیشن اور ایم این ایس کے امیدواروں کے نامزدگی پرچے مسترد کرائے گئے، جس کے بعد شیو سینا شندے دھڑے کے سات امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب کرایا گیا، جو جمہوریت کے اصولوں کے منافی اور ووٹروں کے ساتھ سنگین دھوکہ ہے۔
جمعہ کو ایم این ایس لیڈر اویناش جادھو کی قیادت میں پارٹی کارکنان نے بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے مجسمے کے قریب سیاہ ربن باندھ کر احتجاج کیا اور انتخابی نظام میں مبینہ بدعنوانی کے خلاف نعرے بازی کی۔ ایم این ایس کا کہنا تھا کہ کلیان-ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن میں شیو سینا-بی جے پی اتحاد کے 18 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہونے کے بعد تھانے میونسپل کارپوریشن میں بھی شیوسینا شندے گروپ کے سات امیدواروں کا بلامقابلہ انتخاب عوام کے لیے چونکا دینے والا ہے، جس پر شہریوں میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔
ایم این ایس کی جانب سے یہ بھی الزام لگایا گیا کہ بلامقابلہ منتخب ہونے والے امیدواروں میں سے اکثریت کا وارڈ سطح پر کوئی نمایاں کام نہیں رہا، اسی لیے وہ براہِ راست عوامی مقابلے سے گریزاں ہیں۔ پارٹی نے انتخابی عمل کی نگرانی کرنے والی افسر کے کردار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کا مطالبہ کیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے اویناش جادھو نے کہا کہ بلامقابلہ انتخابات عوامی رائے کی عکاسی نہیں کرتے بلکہ یہ پیسے اور اثر و رسوخ کا کھیل بن چکے ہیں، جو طویل مدت میں جمہوریت کو کمزور کرتا ہے۔ ایم این ایس نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے پر عوامی بیداری مہم جاری رکھے گی اور شفاف انتخابات کے لیے جدوجہد کرے گی۔