رضا اکیڈمی بھیونڈی کے وفد کی ڈی سی پی اور پولیس اسٹاف سے میٹنگ
بھیونڈی (شارف انصاری):- رضا اکیڈمی بھیونڈی اور جلوس عید میلادالنبی ٹرسٹ کی جانب سے ۱۴؍واں ’’جلوس محمدی ﷺ‘‘ کی تیاریاں شروع ہوچکی ہے۔ جلوس کے سلسلے میں بروز سنیچر صبح ۱۱؍ بجے سنکل ہال میں میٹنگ منعقد کی گئی ۔رضا اکیڈمی بھیونڈی کے جنرل سیکریٹری محمد شرجیل رضا نے جلوس کی اہمیت اور مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جلوس کا مقصد اسلام کی عظمت کا اظہار ہے ،لہذا بروزبدھ ،۲۱؍نومبر کو جلوس دوپہر ۳؍ بجے کوٹرگیٹ سے نکل کر چاند تارہ مسجد نظام پورہ سے ہوتا ہوا بہار مدینہ مسجدسے رواں ہوتا ہوا ماموں بھانجہ کی درگاہ کے وسیع میدان میں اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کی قیادت کے لئے شیخ طریقت، اولاد مخدوم سمناں، قائد اسلام، رہبراسلام، رہبر راہ شریعت،حضرت علامہ سید محمد جیلانی اشرف اشرف اشرفی الجیلانی صاحب قبلہ (بانی و امیر اسپریچول فاؤنڈیشن و جامعہ صوفیہ، کچھوچھہ شریف) تشریف لارہے ہیں۔

جلوس کے انتظامی امور کے سلسلے میں گذشتہ روز دفتر رضا اکیڈمی میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کی معزز شخصیات اور ذمہ داران نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ میٹنگ میں رضا اکیڈمی بھیونڈی کے جنرل سیکریریٹری محمد شرجیل رضا نے کہا کہ جلوس کے انتظامات تقریباً تقریباً مکمل کر لئے گئے ہیں۔ جلوس میں تقریباً ۲؍ سے ۳؍ لاکھ مسلمان شریک ہوتے ہیں ۔ جلوس کے انتظامات کے لئے ایک بڑی تعداد میں رضا کاروں کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ جلوس کا نظم و نسق بہتر ہوسکے ، اس لئے میٹنگ میں بڑی تعداد میں رضا کاروں کا تعین کیا گیا۔ انھوں نے جلوس کے راستہ کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے کہا کہ راستے بہت زیادہ خراب ہیں۔ میونسپل کارپوریشن میں ایک ہفتہ قبل روڈ بنانے سے سلسلے میں عرضی دی گئی ہے ،جس میں کہا گیا ہے کہ روڈ کی مرمت کا کام فوری طور پر شرعی کیا جائے اور ڈرینیج لائن کے ڈھکن اور چیمبر کھلے ہوئے ہیں اسے بند کیا جائے تاکہ جلوس کے وقت کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔ محمد شرجیل رضا قادری نے جلوس کے شرکاء کے لئے پوسٹر میں جاری ہدایت پڑھ کر سنائی کہ جلوس محمدی ﷺ چونکہ رحمت عالم ﷺ کی عظمت کے اظہار کے لئے نکالاجاتا ہے ، اسلئے انتہائی ادب و احترام اور شرعی اصول کا خیال رکھیں۔جلوس میں باوضو شریک ہوں۔ جلوس کے درمیان نماز کی پابندی کریں ، درود شریف کا ورد کریں۔جلوس میں کسی بھی طرح کی غیر شرعی حرکت (مثلاً ڈھول، تاشہ، باجہ، پٹاخہ بازی، وغیرہ) کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔ جلوس میں مخصوص قسم کے نعرے صرف جلوس کے لاؤڈاسپیکر ہی سے لگائے جائیں گے۔کسی بھی شخص کو اپنی طرف سے کسی بھی طرح کا نعرہ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔جلوس ختم ہونے کے بعد امن و شانتی کے ساتھ فرداً فرداً خاموشی سے اپنے گھر کے لئے چلے جائیں، جلوس کے اختتام پر واپسی کے دوران کسی بھی قسم کا نعرہ نہ لگائیں۔ جلوس میں اگر آپ کسی کو نظم و ضبط یا امن و امان کو خراب کرتا ہوا دیکھیں تو فوراً پولیس یا جلوس کے انتظامیہ کو اطلاع دیں ۔