ناندیڑ دیہی پولیس کی بڑی کارروائی ، 36 لاکھ سے زائد مالیت کے جانور و گاڑیاں ضبط
ناندیڑ، 23 اکتوبر (ورق تازہ نیوز)ناندیڑ دیہی پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر گاؤماتاؤں اور بھینسوں کو بے رحمی سے گاڑیوں میں ٹھونس کر منتقل کرنے والے تین ٹرکوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس نے موقع سے کل 36 لاکھ 25 ہزار روپے مالیت کا جانور اور گاڑیاں ضبط کی ہیں۔
یہ کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ جناب اویناش کمار کی رہنمائی میں “آپریشن فلاش آؤٹ” کے تحت انجام دی گئی۔ اس مہم کا مقصد ضلع میں جانوروں کی غیر قانونی نقل و حمل اور گاؤکشی سے متعلق سرگرمیوں پر سخت روک لگانا ہے۔
واقعہ کی تفصیل کے مطابق، 21 اکتوبر کی صبح ناندیڑ رورل پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ تاپرے چوک، واجےگاؤں بائی پاس روڈ پر تین آئیچر ٹرکوں میں بڑی تعداد میں گایوں اور بھینسوں کو بے دردی سے ٹھونس کر لایا جا رہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی انسپکٹر اومکانت چنچولکر، سب انسپکٹر گیانیشور مٹوڑ اور عملہ نے مقام پر دھاوا بول کر تینوں ٹرکوں کو روک لیا۔
تلاشی کے دوران
1️⃣ سفید رنگ کا آئیچر (نمبر HR-45D-5431) سے 8 گائیں، ایک بیل اور دو بچھڑے،
2️⃣ لال رنگ کا آئیچر (HR-45D-0757) سے متعدد بھینسیں و 6 بچھڑے،
3️⃣ ایک اور لال رنگ کا آئیچر (HR-45C-7698) سے 11 بھینسیں و ایک بچھڑا برآمد ہوا۔
تمام جانوروں کو گاڑیوں میں انتہائی بھیڑ اور ناقص حالت میں قید رکھا گیا تھا۔ پولیس نے تینوں ٹرکوں سمیت مال کو قبضے میں لے کر جانوروں پر ظلم کی ممانعت کے قانون 1960 کی دفعات 5(2)، 9(3)، 11(1)(ڈ) کے تحت مقدمہ درج کیا۔
ملزمان کی شناخت سنجیوکمار سمدت شرما، رامفل درشن لال، اور رامجواری میا سنگھ (ساکنان ہریانہ) کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ جناب اویناش کمار نے ناندیڑ دیہی پولیس کی اس بروقت کارروائی کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے غیر قانونی دھندوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ ضلع میں امن و قانون کی فضا برقرار رہے۔