NCP Urdu News 14 Jan. 26

ووٹ دینا ہر شخص کی آئینی و شہری ذمہ داری، اس کو پورا کرنے میں کوئی کوتاہی نہ برتیں: نواب ملک

ممبئی: این سی پی کے سینئر لیڈر اور ممبئی میونسپل کارپوریشن میں این سی پی کی انتخابی ٹیم کے سربراہ نواب ملک نے ممبئی کے تمام شہریوں سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ آج ہونے والی میونسپل کارپوریشن کی ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے حقِ رائے دہی کا لازماً استعمال کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ووٹ دینا صرف ایک جمہوری عمل نہیں بلکہ ہر شخص کی بنیادی آئینی اور شہری ذمہ داری ہے۔ جمہوریت اسی وقت مضبوط ہوتی ہے جب عوام اپنی رائے کا اظہار بلا خوف و تردد ووٹ کے ذریعے کرتے ہیں اور شہری اگر ووٹنگ سے دور رہیں گے تو اس کا براہِ راست نقصان خود انہی کو بھگتنا پڑتا ہے۔

نواب ملک نے کہا کہ میں تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ آج اپنا یہ جمہوری اور شہری فریضہ ادا کرنے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ کریں۔ روزمرہ کے کام، کاروبار یا دیگر مصروفیات بعد میں بھی کی جا سکتی ہیں، لیکن ووٹ ڈالنے کا دن بار بار نہیں آتا۔ اس لیے سب سے پہلے اپنا ووٹ دیں، اس کے بعد ہی کسی دوسرے کام کے لیے نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی جیسے بڑے اور متنوع شہر کا مستقبل شہریوں کے ووٹوں سے طے ہوتا ہے۔ میونسپل کارپوریشن شہری زندگی کے بنیادی معاملات جیسے پانی کی فراہمی، صفائی، سڑکیں، صحت کی سہولیات، تعلیم اور ٹرانسپورٹ سے براہِ راست جڑی ہوتی ہے، اس لیے اس انتخاب کو سنجیدگی سے لینا نہایت ضروری ہے۔

این سی پی لیڈر نے شہریوں کو ووٹ دیتے وقت باشعور فیصلہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ووٹ صرف پارٹی، نعرے یا جذبات کی بنیاد پر نہ دیا جائے بلکہ اس امیدوار کو منتخب کیا جائے جو آپ کے مسائل حل کرنے کے معاملے میں سنجیدہ ہو، جو عوام کے درمیان دستیاب رہے اور جس کی ترجیح ذاتی مفاد کے بجائے عوامی خدمت ہو۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کو ایسے نمائندوں کی ضرورت ہے جو شہر کے زمینی مسائل کو سمجھتے ہوں اور ان کے حل کے لیے مستقل اور ایماندارانہ کوشش کریں۔ نواب ملک نے امید ظاہر کی کہ ممبئی کے باشعور شہری آج بڑی تعداد میں ووٹنگ کر کے شہری جمہوریت کو مضبوط کریں گے اور شہر کے بہتر مستقبل کی سمت ایک ذمہ دارانہ قدم اٹھائیں گے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading