انڈیگو طیارہ کے ’وِنڈ شیلڈ‘ میں آیا شگاف، ہوا میں اٹکی 76 مسافروں کی جان، پائلٹ کی سمجھداری سے بچی زندگی

qaumiawaz_2024-02_163cc657-610f-4625-b9ff-c7a2f7445b17_indigo_flight03 (1)

چنئی ایئرپورٹ پر ہفتہ کی صبح اس وقت افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا جب انڈیگو کے ایک طیارے کی مشکل حالات میں لینڈنگ کرائی گئی۔ اس طیارہ کے’ونڈ شیلڈ‘ میں شگاف پڑ گیا تھا، جس کو دیکھ کر پائلٹ نے متعلقہ افسران کو جانکاری دی۔ ایئرپورٹ اتھارٹی نے فوری طور پر پائلٹ کی سمجھ داری کی بدولت طیارے کو بحفاظت رَنوے پر اتار لیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ واقعہ کے وقت طیارہ مدورائی سے چنئی واپس آ رہا تھا اور اس میں 76 مسافر سوار تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے پائلٹ کی نظر کاک پِٹ کے شیشے میں موجود شگاف پر پڑی۔ اس کے بعد پائلٹ نے فوراً ایئر ٹریفک کنٹرولر کو اس کی اطلاع دی۔ پائلٹ کے انتباہ کے بعد ایئرپورٹ پر ہنگامی انتظامات کیے گئے اور طیارے کو محفوظ طریقے سے اتار لیا گیا۔ رَنوے پر طیارہ اترنے کے بعد افسران نے سکون کی سانس لی۔

بتایا جا رہا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب انڈیگو کا یہ طیارہ 76 مسافروں کو لے کر مدورائی سے چنئی کے لیے روانہ ہوا تھا۔ چنئی ایئرپورٹ پر اترنے سے قبل پائلٹ نے ونڈ شیلڈ میں شگاف دیکھا تو ایک لمحہ کے لیے وہ گھبرا گیا، لیکن دانش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً ایئر ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی ایئرپورٹ پر حفاظتی انتظامات کر لیے گئے اور طیارے کو بحفاظت اتار لیا گیا۔ اس کے بعد مسافروں کو بھی طیارے سے اتارا گیا۔

ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد طیارے کی ونڈ شیلڈ تبدیل کرنے کا انتظام کیا گیا۔ تاہم یہ شگاف کیسے پڑا، اس کی وجوہات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اس واقعہ کے بعد مدورائی کے لیے واپسی کی پرواز کو منسوخ کر دیا گیا۔ کافی دیر بعد انڈیگو ایئرلائن کی جانب سے بتایا گیا کہ ’’معیاری عملی طریقۂ کار (SOP) پر عمل کرتے ہوئے طیارے کو چنئی میں بحفاظت اتارا گیا، اور ضروری جانچ و منظوری کے بعد ہی اس سے دوبارہ پرواز کی جائے گی۔‘‘

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading