پانچ شہروں میں کانگریس کے میئر، 350 کونسلر، 10 میونسپل کارپوریشنوں میں اقتدار میں شراکت متوقع

بی جے پی مہا یوتی کی جیت جعلی ووٹنگ، پیسے کی بندربانٹ اور الیکشن کمیشن کی پشت پناہی کا نتیجہ، ممبئی میں فکسنگ کے ذریعے ہوئی کامیاب

ممبئی/بلڈھانہ: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا ہے کہ میونسپل کارپوریشن انتخابات میں کانگریس کو حاصل ہونے والی کامیابی محض عددی جیت تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک نظریاتی جدوجہد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ نتائج مکمل طور پر اطمینان بخش نہیں، مگر جیت اور ہار کی پروا کیے بغیر کانگریس نے جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کے تحفظ کی لڑائی لڑی ہے۔ عوام کے اعتماد اور کارکنان کے حوصلے کے بل پر کانگریس آج ریاست کی سب سے مضبوط اپوزیشن پارٹی کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔ سپکال کے مطابق پانچ شہروں میں کانگریس کے میئر منتخب ہوئے ہیں، تقریباً 350 کونسلر کامیاب ہوئے ہیں اور 10 میونسپل کارپوریشنوں میں کانگریس کی اقتدار میں شراکت داری متوقع ہے۔

بلڈھانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ مکر سنکرانتی کے موقع پر منعقد ہونے والے ان انتخابات میں کانگریس ریاست میں دوسرے نمبر کی بڑی پارٹی کے طور پر ابھری ہے۔ جہاں ممکن ہوا وہاں پارٹی نے اپنے بل پر الیکشن لڑا اور بعض مقامات پر اتحاد کے ذریعے نظریاتی اور تنظیمی مضبوطی کے مقصد سے میدان میں اتری۔ انہوں نے الزام لگایا کہ برسراقتدار بی جے پی مہا یوتی نے بڑے پیمانے پر پیسے کا استعمال کیا، جعلی ووٹنگ ہوئی، مگر اس کے باوجود کانگریس کا کارکن بی جے پی کے ’بلڈوزر‘ کے سامنے ڈٹ کر کھڑا رہا۔ انہوں نے اسے کارکنان کی جدوجہد اور حوصلے کی فتح قرار دیتے ہوئے کامیاب امیدواروں اور کارکنان کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ وقت مایوسی کا نہیں بلکہ مسلسل جدوجہد اور نظریاتی لڑائی کا ہے، جس کے لیے کانگریس پوری طرح تیار ہے۔

ممبئی کے نتائج پر سخت تنقید کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ شہر میں بی جے پی کی کامیابی فکسنگ کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق وارڈ بندی سے لے کر ووٹنگ مشینوں، ’پادو‘ نامی مشین اور سیاہی کے معاملے تک، سب کچھ ایک طے شدہ منصوبے کے تحت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چشم پوشی ترک کر کے بی جے پی کے اشاروں پر چلنا بند کرنا چاہیے۔ بی جے پی کے پاس نہ اخلاقیات باقی ہیں اور نہ شرم و حیا۔ لفافوں کی تقسیم، جعلی ووٹرز، امیدواروں کی خرید و فروخت اور الیکشن کمیشن کی کمزور کارکردگی نے ثابت کر دیا کہ آزاد اور منصفانہ انتخابات نہیں ہوئے۔ سپکال نے کہا کہ آمریت کا غبارہ جتنا بھی بڑا ہو، ایک نہ ایک دن پھٹتا ضرور ہے اور وہ لمحہ اب قریب آ چکا ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ آئندہ وقت بی جے پی اور اس کی اتحادی پارٹیوں کے لیے مشکل ہوگا اور کانگریس جمہوریت اور آئین کے تحفظ کی اس جدوجہد کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading