ناندیڑ:2؍اکتوبر(ور ق تازہ نیوز)بلالحاظ مذہب وملت صرف انسانیت کی بنیاد پرخدمات کے سلسلے میں شہر کے معروف ادارہ صفاء بیت المال کی جانب سے سماجی خدمات کے مختلف کام سال بھر میں انجام دئیے جاتے ہیں ان کاموں میں سے ایک بڑے دواخانہ میں مریضوں کی عیادت اور پھلوں اوربسکٹ کی تقسیم کے علاوہ موسم گرما میں ٹھنڈے اور فلٹر پانی کی سبیل لگانا ہے۔ آج صبح ۱۱؍بجے علماء کرام کی موجودگی میں مختلف قسم کے پھلوں اور بسکٹ پاکٹ پر مشتمل تقریباً پانچ سوپاکٹ وشنوپوری میں واقع بڑے دواخانہ میں شریک مریضوں میں تقسیم کئے گئے ،دواخانہ میں شریک مریضوں میں مختلف امراض کے شکار بچے ،بڑے اور بوڑھوں کو دیکھ کرتمام علماء ونوجوانوں کی زبان سے بار بار یہ بات سنی گئی کہ واقعتا صحت اللہ کی کتنی عظیم نعمت ہے۔وشنوپوری سے لوٹتے ہوئے وسرنی دیہات میں واقع نابنیا بچوں کے مدرسہ میں جاکر بسکٹ پاکٹ تقسیم کئے گئے ساتھ ہی مجاہدپیٹھ میں جاری دینی مدرسہ حضرت عثمان بن عفان کے طلبہ میں بھی بسکٹ پاکٹ تقسیم کئے گئے۔ صفاء بیت المال کی جانب سے اس خدمت کو انجام دین والے وفد میں مولانا عبدالرزاق رشیدی،مولانا محمد صدیقی ندوی، مولانا محمد طیب ندوی،مولانا محمد سرور قاسمی،مفتی محمد ابراہیم قاسمی، خورشید بھائی،الیاس بھائی، محمد سہیل ، محمد یزدانی، وغیرہ حضرات شریک تھے۔