سونکھیڈ پٹرول پمپ قتل کیس: دو ملزمان چند گھنٹوں میں گرفتار، مقامی جرائم شاخ ناندیڑ کی بڑی کامیابی

ناندیڑ، 11 جون:( ورق تازہ نیوز)ضلع ناندیڑ کے سونکھیڈ علاقے میں واقع مورگے پٹرول پمپ پر پیش آئے قتل کے سنسنی خیز معاملے میں پولیس نے برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو چند ہی گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی مقامی جرائم شاخ (LCB) ناندیڑ اور سونکھیڈ پولیس کی مشترکہ کوششوں سے انجام دی گئی۔

پولیس کے مطابق 10 جون 2026 کو شام تقریباً 4 بجے مورگے پٹرول پمپ پر دو افراد نے کفایت علی خواجہ معین الدین سے پٹرول کے بارے میں دریافت کیا۔ کفیات علی نے جواب دیا کہ وہ پلمبر ہیں اور پٹرول سے متعلق معلومات پمپ کے عملے سے حاصل کی جائیں۔ اسی بات پر دونوں فریقوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بحث کے دوران ملزمان نے کفیات علی اور موقع پر موجود گواہوں پر لاٹھیوں، لاتوں اور مکوں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں کفیات علی شدید زخمی ہوگئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سونکھیڈ پولیس اسٹیشن میں قتل سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ اویناش کمار (آئی پی ایس) نے فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے، جس کے بعد پولیس انسپکٹر اتل بھوسلے کی قیادت میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

تفتیش کے دوران خفیہ اطلاع ملی کہ قتل کے دونوں فرار ملزمان ناندیڑ کے مرکزی بس اسٹینڈ کے علاقے میں موجود ہیں۔ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے جال بچھا کر دونوں ملزمان، پون راجیبھاؤ چودھری (23 سال) اور بالاجی شیواجی راؤ مورے (36 سال)، ساکنان سونکھیڈ کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں دونوں ملزمان نے جرم کا اعتراف کر لیا، جس کے بعد انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے سونکھیڈ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

قتل جیسے سنگین مقدمے کے ملزمان کو چند ہی گھنٹوں میں گرفتار کرنے پر پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار نے کارروائی میں شامل افسران اور اہلکاروں کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ :::

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading