دل دہلا دینے والا حادثہ: تین سگے بھائی ندی میں ڈوب کر جاں بحق

کھیڑ:10/ جون ۔( ورق تازہ نیوز)رتناگیری ضلع کے کھیڑ شہر سے ایک انتہائی افسوسناک خبر سامنے آئی ہے، جہاں جگبُڈی ندی کے ایک گہرے ڈوہ میں ڈوبنے سے تین نوجوانوں کی موت ہوگئی۔ یہ تینوں نوجوان سگے بھائی تھے، جن کی اچانک موت سے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ آج دوپہر تقریباً تین بجے پیش آیا، جب تینوں بھائی کھیر شہر کی جگبُڈی ندی میں نہانے اور تیراکی کے لیے اترے تھے۔ اسی دوران انہیں پانی کے تیز بہاؤ اور گہرائی کا اندازہ نہ ہوسکا، جس کے باعث وہ ڈوب گئے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت آکاش راما کامبلے، نریش راما کامبلے اور کیلاش راما کامبلے کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں بھائی اصل میں ضلع سانگلی کے رہنے والے تھے اور ممبئی کے کرلا علاقے میں مقیم تھے۔

بتایا جا رہا ہے کہ وہ گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کے لیے رتناگیری کے کھیر میں اپنے رشتہ داروں کے گھر آئے ہوئے تھے۔ تاہم خوشیوں بھری چھٹیاں ایک المناک حادثے میں تبدیل ہوگئیں اور تینوں بھائی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد کھیر شہر اور اطراف کے علاقوں میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے، جبکہ اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading