ناندیڑ:10/ جون (ورق تازہ نیوز) ناندیڑ شہر سے گزرنے والی دریائے گوداوری پر قائم مختلف پلوں سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوششوں اور ممکنہ حادثات کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر آبی وسائل محکمہ نے ناندیڑ واگھالا میونسپل کارپوریشن سے حفاظتی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔وشنوپوری پٹ بندھارے سب ڈویژن، ناندیڑ کے سب ڈویژنل آفیسر کی جانب سے میونسپل کمشنر کو ارسال کردہ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ رام سیتو (گووردھن گھاٹ) پل، نیا پل- قدیم پل-واجے گاؤں اور نوگھاٹ پل پر موجود حفاظتی ریلنگ کی اونچائی ناکافی ہے، جس کے باعث لوگ پلوں سے دریائے گوداوری میں چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کر رہے ہیں۔
محکمہ کے مطابق گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران تین افراد نے مختلف پلوں سے دریا میں چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی، جو انتہائی تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔ خط میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ عوامی سہولت کے لیے بنائی گئی یہ بنیادی ڈھانچے کی سہولت بعض افراد کی جانب سے غلط مقاصد کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔ محکمہ نے مزید نشاندہی کی کہ بارش اور سیلابی صورتحال کے دوران بڑی تعداد میں شہری دریا کا پانی دیکھنے کے لیے پلوں پر جمع ہوتے ہیں، جس کے باعث حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ موجودہ ریلنگ کی اونچائی کم ہونے کی وجہ سے حفاظتی خطرات لاحق ہیں۔
اسی لیے میونسپل کارپوریشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ موجودہ ریلنگ کے اوپر تقریباً تین فٹ بلند اضافی حفاظتی ریلنگ (Visible Safety Railing) نصب کی جائے تاکہ پلوں سے چھلانگ لگا کر خودکشی کے واقعات اور دیگر حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔مکتوب میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دگراس ہائی لیول بندھارے سے آمدورا اپ اسٹریم بندھارے تک کا علاقہ وشنوپوری پٹ بندھارے سب ڈویژن کے دائرۂ کار میں آتا ہے۔ سیلابی صورتحال کے دوران اگر کوئی شخص دریا میں چھلانگ لگا دے تو بندھارے کے گیٹ فوری بند کرنے کے مطالبات موصول ہوتے ہیں، لیکن سیلابی حالات میں گیٹ فوراً بند کرنا تکنیکی طور پر ممکن نہیں ہوتا۔
ان تمام وجوہات کے پیش نظر محکمہ نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پلوں پر حفاظتی ریلنگ کی اونچائی بڑھانے کو ناگزیر قرار دیا ہے اور میونسپل انتظامیہ سے اس سلسلے میں فوری اور ضروری کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔اس مکتوب کی نقل ناندیڑ پٹ بندھارے ڈویژن کے ایگزیکٹو انجینئر کو بھی اطلاع اور ضروری کارروائی کے لیے ارسال کی گئی ہے۔