گئوونش کے گوشت کے خلاف کاروائی مزید سخت، اب شادیوں میں بھی براہِ راست چھاپے مارے جائیں گے

اورنگ آباد :9/ جون۔(ورق تازہ نیوز) اورنگ آباد شہر میں گئوونش (گائے اور بیل نسل) کے گوشت کی غیر قانونی فروخت اور استعمال کے خلاف پولیس نے اپنی کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس کمشنر پروین پوار نے واضح کیا ہے کہ ریاست میں قانون کے تحت گئوونش کی ذبح اور اس کے گوشت کی فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے، اس کے باوجود اگر کسی ہوٹل، ریسٹورنٹ یا شادی کی تقریب میں گئوونش کا گوشت استعمال یا فراہم کیا جاتا پایا گیا تو اسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پولیس کمشنر کے مطابق اب تک ہوٹلوں اور دیگر مقامات پر نگرانی اور کارروائیاں کی جا رہی تھیں، تاہم آئندہ یہ مہم مزید تیز کی جائے گی۔ اگر کسی شادی، دعوت یا تقریب میں گئوونش کا گوشت پکانے، پیش کرنے یا اس کی سپلائی کرنے کی اطلاع موصول ہوئی تو پولیس براہِ راست وہاں چھاپہ مار کارروائی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ صرف گوشت فروخت کرنے والوں ہی نہیں بلکہ شادی یا تقریب میں گئوونش کا گوشت تیار کرنے والوں، سپلائی کرنے والوں اور اس کی آرڈر دینے والے افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے اور قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔

پولیس انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کہیں گئوونش کے گوشت کی غیر قانونی خرید و فروخت یا استعمال کی اطلاع ملے تو فوری طور پر پولیس کو مطلع کریں، تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ پولیس کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آئندہ دنوں میں مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading