پاکستان کی شاندار واپسی ،انگلینڈ کو دیاجھٹکا

ناٹنگھم ،3جون (یواین آئی)پاکستان نے اپنے پہلے مقابلہ میں ویسٹ انڈیز سے ملی شرمناک شکست کے بعد زبردست واپسی کرتے ہوئے محمد حفیظ (84)،بابر اعظم (63)اور کپتان سرفراز احمد (55)کی شاندار نصف سنچریوں کے دم پر پیر کےروز عالمی نمبر ایک ٹیم انگلینڈ کو ورلڈ کپ مقابلہ میں 14رن سے ہراکر سبھی کوچونکا دیا۔پاکستان نے میچ میں 50اوور میں آٹھ وکٹ پر 348رن کا ہمالیائی اسکو ربنایا۔خطاب کی مضبوط دعویدار تصور کی جانے والی انگلینڈ کی ٹیم جوروٹ (107)اور جوس بٹلر (103)کی شاندار سنچریوں اور انکے مابین پانچویں وکٹ کے لیے ہوئی 130رن کی شراکت داری کے باوجود 9وکٹ پر 334رن ہی بناسکی ۔اپنے پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 105رن پر آؤٹ ہوکر یکطرفہ طورپر ہارنے والی پاکستانی ٹیم نے اس جیت سے نہ صرف شاندار واپسی کی ہے بلکہ تنقید کرنے والوں کوبھی بھرپور جواب دیاہے ۔دوسری طرف جنوبی افریقہ کو یکطرفہ انداز میں ہرانے والی میزبان ٹیم کو ہار کا سامنا کرنا پڑا ۔پاکستان نے اس جیت سے ورلڈ کپ سے پہلے انگلینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں 4۔0سے ملی شکست کا بدلہ بھی چکادیا۔انگلینڈ کے لیے افسوس کی بات یہ رہی کہ اسکے دوبلے بازوں نے سنچریاں بنائیں لیکن اسے ہار کا سامنا کرنا پڑا ۔
روٹ نے 104گیندوں میں 10چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 107رن بنائے جبکہ بٹلر نے محض 76گیندوں میں 9چوکوں اور دوچھکوں کی مدد سے 103رن بنائے ۔دونوں کی سنچریاں رائیگاں چلی گئیں۔اوپنر جانی بیرسٹو نےھ 32رن کا تعاون دیا۔روٹ کا وکٹ 248اور بٹلر کا وکٹ 288کے اسکور پر گرا۔معین علی اور کرس ووکس نے اسکے بعد جدوجہد جاری رکھی جس سے میچ انتہائی دلچسپ ہوگیا۔اس وقت جیت کسی کی بھی ہوسکتی تھی ۔انگلینڈ کو آخری تین اوورمیں 38رن چاہئیں تھے ۔وہاب ریاض نے 48ویں اوور میں علی اور ووکس کو آؤٹ کرکے میچ کا رخ پاکستان کی طرف موڑ دیا۔علی نے 19اور ووکس نے 21رن بنائے ۔انگلینڈ کو آخری دواوور میں 29رن کی ضرورت تھی ۔محمدعامر نے 49ویں اوور میں جوفرا آرچر کو آؤٹ کرکے پاکستان کی جیت یقینی بنادی ۔انگلینڈ کو آخری اوور میں 25رن چاہئیں تھے اور اسکا ایک وکٹ بچا تھا۔پاکستان کے شائقین نے جیت کا جشن شروع کردیا تھا۔آخر میں پاکستان نے جیت سے مقابلہ میں واپسی کرلی ۔ریاض نے تین اور عامر اورشاداب خان نے دد،دو وکٹ لیے ۔محمد حفیظ اور شعیب ملک کو ایک ایک وکٹ ملا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں