NCP Urdu News 4 January 22

پروین دریکرکے خلاف ضابطہئ فوجداری کے تحت کارروائی کی جائے: نواب ملک

پروین دریکر نے دھوکہ دیا ہے، انہیں حزبِ اختلاف لیڈر کے عہدے سے برخاست کیا جائے: مہیش تپاسے

ممبئی:این سی پی کے قومی ترجمان واقلیتی امور کے وزیرنواب ملک نے آج یہاں وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے کو ایک مکتوب لکھ کر بی جے پی لیڈر وممبئی بینک کے ڈائریکٹر پروین دریکر کے خلاف ضابطہئ فوجداری کے تحت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے مکتوب میں نواب ملک نے لکھا ہے کہ پروین دریکر کو کوآپریٹو سوسائٹیز کے ڈویژنل ڈپٹی رجسٹرار نے 3 جنوری 2022 کو نااہل قرار دیا ہے۔ پروین دریکر ممبئی ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹو بینک میں بطور ڈائریکٹر اور چیئرمین گزشتہ کئی سالوں سے کام کر رہے ہیں۔پروین دریکر نے جعلسازی کے ذریعے رکنیت حاصل کی۔ وہ مہاراشٹر کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 1960 کے سیکشن 78A کے مطابق اگلے ایک سال کے لیے کسی بھی زمرے سے رکن کے طور پر منتخب ہونے کے اہل نہیں ہیں۔ اس لیے پروین دریکر کے ذریعے کی گئی دھوکہ دہی کے لیے ان کے خلاف ضابطہئ فوجداری کی دفعہ 199، 200،420و37نیز دیگر قوانین کے تحت فوری طور پر مناسب کارروائی کی جائے۔نواب ملک نے اس مکتوب کی ایک کاپی ریاستی وزیرداخلہ دلیپ ولسے پاٹل اور کوآپریٹیو وزیر بالاصاحب پاٹل کو بھی روانہ کی ہے۔

دریں اثناء این سی پی کے ریاستی ترجمان مہیش تپاسے نے پروین دریکر کو قانون سازکونسل کے حزبِ اختلاف کے عہدے سے برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مہیش تپاسے نے کہا ہے کہ کوآپریٹیو محکمہ کی جانب سے نااہل قراردیئے جانے اور لوگوں کو دھوکہ دے کر خود کومزدو زمرے میں رکھنے نیز حلف نامے میں خودکوکاروباری قراردینے والے پروین دریکرکو کسی عوامی عہدے پر برقرار رہنے کا حق نہیں ہے۔ اس لئے انہیں فوری طور پر قانون سازکونسل کے حزبِ اختلاف لیڈر کے عہدے سے برخاست کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ممبئی بینک کے انتخاب میں خود کو مزدور قرادینے اور قانون سازکونسل کے انتخاب میں حلف نامے میں کاروباری بتانے کی جعلسازی صرف بی جے پی کے لیڈر پروین دریکر ہی کرسکتے ہیں۔ مہیش تپاسے نے کہا کہ مرکز میں کوآپریٹیو ووزیرداخلہ امیت شاہ ہیں۔ ریاست کے کوآپریٹیومحکمہ نے پروین دریکر کو نااہل قراردیا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اب دریکر کونسی اخلاقیات کا سہارالیں گے؟ بی جے پی کا ایک ذمہ دار لیڈر اگر انتظامیہ وعوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے تو بی جے پی کے پاس اس کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رہ جاتا ہے۔ اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ پروین دریکر کو فوری طور پر قانون سازکونسل کے حزبِ اختلاف لیڈر کے عہدے سے برخاست کیا جائے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading