احمد نگر (ورق تازہ نیوز): احمد نگر شہر کے ایکویرا چوک علاقے میں رہنے والی نوجوان لڑکی دیپالی چندرشیکھر کالے پر یوگیش سومناتھ ڈونگرے نامی نوجوان کی جانب سے فائرنگ کیے جانے کی ابتدائی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ فائرنگ کے اس واقعے میں دیپالی کالے شدید طور پر زخمی ہوگئیں، جبکہ ملزم یوگیش ڈونگرے کی موت ہوگئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دیپالی کالے پر فائرنگ کرنے کے بعد ملزم یوگیش ڈونگرے جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔ اس کے بعد وہ شہر کے قریب واقع کپورواڑی علاقے میں پہ7نچا، جہاں اس نے مبینہ طور پر خود پر بھی گولیاں چلا لیں، جس کے نتیجے میں اس کی موت ہوگئی۔
واقعے میں شدید زخمی دیپالی کالے کو فوری طور پر احمد نگر کے ضلعی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
دریں اثنا، فائرنگ کے پیچھے اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس پورے معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔ پولیس کی تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی اس واقعے کی اصل وجہ اور اس سے متعلق دیگر تفصیلات سامنے آسکیں گی۔