مرکزی حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرنے کے لئے
تربیت یافتہ کارکنوں کی فوج تیار کریں گے: ناناپٹولے
ممبئی:مرکز کی بی جے پی حکومت ہر سطح پر ناکام ہو چکی ہے۔ پٹرول، ڈیزل، کوکنگ آئل، کوکنگ گیس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ بے روزگاری میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ زرعی اجناس کی کوئی قیمت نہیں، معیشت تباہ ہو چکی ہے۔ مودی حکومت میں جہاں ملک تنزلی کا شکار ہے، وہیں حکومت ہندو مسلم تنازعہ پیدا کرکے عوام کی توجہ اہم مسائل سے ہٹانے کی کوشش کررہی ہے۔ مرکزی حکومت ان ناکامیوں کو عوام کے سامنے لانے کے لیے ہم تربیت یافتہ کارکنوں کی فوج تیار کریں گے۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کانگریس کی جائزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ہیں۔
ریاستی کانگریس کے صدر دفترتلک بھون میں پونے، پمپری چنچوڑ،شولاپور اور کولہاپور اضلاع کی جائزہ میٹنگ ہوئی۔ اس میں ریاستی کارگزار صدر عارف نسیم خان، چندرکانت ہنڈورے، بسوراج پاٹل، نائب صدر موہن جوشی، بی ای نگرالے، سابق وزیربالا صاحب شیورکر، تنظیمی سکریٹری جنرل سکریٹری دیوآنند پوار، ریاستی جنرل سکریٹری ابھے چھاجڈ اور پارٹی کے دیگر عہدیداران موجود تھے۔اس میٹنگ میں کانگریس پارٹی کی ممبرسازی مہم، عہدیداران کا تربیتی کیمپ، آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی کی تیاریوں اور مہنگائی مخالف بیداری مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر پٹولے نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کو آئندہ بلدیاتی انتخابات میں کانگریس کا کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے سخت محنت کرنی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ریاستی حکومت کی طرف سے کئے گئے کاموں سے عوام کو آگاہ کریں اور لوگوں میں جاکر کانگریس پارٹی کے نظریات کو فروغ دیں۔