این سی پی (شرد پوار) کے شمال مشرقی ممبئی ضلع صدر دھننجے پِسال ساتھیوں سمیت این سی پی میں شامل
ممبئی: شمال مشرقی ممبئی ضلع میں سیاسی سرگرمیوں کو اس وقت نیا رخ ملا جب نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کے ضلع صدر دھننجے پِسال نے آج اپنے سینکڑوں عہدیداروں اور کارکنوں کے ہمراہ این سی پی میں شمولیت اختیار کر لی۔ یہ شمولیت پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر نواب ملک کی موجودگی میں عمل میں آئی۔
دھننجے پِسال شمال مشرقی ممبئی کی سیاست میں ایک متحرک اور سرگرم رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ وہ اس سے قبل متحدہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے کارپوریٹر رہ چکے ہیں اور ممبئی میونسپل کارپوریشن میں پارٹی لیڈر کی حیثیت سے بھی اہم ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ تنظیمی سطح پر ان کا وسیع تجربہ اور زمینی سطح پر مضبوط گرفت انہیں ایک مؤثر عوامی لیڈر بناتی ہے۔ پارٹی میں شمولیت کے موقع پر نواب ملک نے دھننجے پِسال اور ان کے ساتھیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے شمال مشرقی ممبئی میں پارٹی کو مزید تقویت ملے گی اور تنظیمی ڈھانچہ مضبوط ہوگا۔ انہوں نے اس موقع پر اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ آنے والے کارپوریشن انتخابات میں پارٹی کو اس کا براہِ راست فائدہ ملے گا۔
دھننجے پِسال نے شمولیت کے بعد کہا کہ وہ نظریاتی وابستگی، عوامی خدمت اور سیکولر سیاست کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے این سی پی میں شامل ہوئے ہیں اور آئندہ پوری قوت کے ساتھ پارٹی کی تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔ یہ شمولیت شمال مشرقی ممبئی میں سیاسی صف بندی کے تناظر میں اہم پیش رفت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔
