تھانے میونسپل کارپوریشن پر شندے شیوسینا کا قبضہ 131 نشستوں میں 75 پر کامیابی، مسلم نمائندگی بھی مضبوط

تھانے میونسپل کارپوریشن پر شندے شیوسینا کا قبضہ
131 نشستوں میں 75 پر کامیابی، مسلم نمائندگی بھی مضبوط

تھانے (آفتاب شیخ)

تھانے میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات 2026 کے نتائج جمعہ کو جاری کر دیے گئے، جس کے ساتھ ہی شہر کی سیاست کی سمت ایک بار پھر واضح ہو گئی۔ ان انتخابات میں ووٹروں نے خاطر خواہ شرکت کی اور مجموعی طور پر 55.59 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ جمعہ کی صبح سے ووٹوں کی گنتی سخت سکیورٹی کے درمیان جاری رہی اور مرحلہ وار تمام 131 نشستوں کے نتائج سامنے آئے۔

انتخابی نتائج کے مطابق تھانے میونسپل کارپوریشن میں اور شیوسینا (شندے گروپ) اور بی جے پی اتحاد کو واضح برتری حاصل ہوئی ہے۔ کئی وارڈوں میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، تاہم متعدد مقامات پر نوجوان اور نئے چہروں نے تجربہ کار امیدواروں کو شکست دے کر سب کو حیران کر دیا۔ نتائج سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ووٹروں نے مقامی مسائل، ترقیاتی کاموں اور مستقبل کی منصوبہ بندی کو مدنظر رکھتے ہوئے رائے دہی کی۔

تھانے کو طویل عرصے سے شیوسینا کا مضبوط گڑھ مانا جاتا رہا ہے اور گزشتہ کئی دہائیوں تک یہاں اسی کا اقتدار رہا، تاہم اس مرتبہ انتخابی مقابلہ نہایت دلچسپ اور فیصلہ کن ثابت ہوا۔ بی جے پی اور شندے شیوسینا اتحاد نے متعدد اہم وارڈوں میں کامیابی حاصل کر کے میونسپل کارپوریشن میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی، جب کہ مخالف جماعتوں کو کئی نشستوں پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

سرکاری طور پر جاری کردہ حتمی نتائج کے مطابق کل 33 پربھاگوں کی 131 نشستوں میں سے شیوسینا (شندے گروپ) نے 75 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل کی۔ بی جے پی کو 28 نشستیں ملیں۔ راشٹروادی کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) نے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جب کہ راشٹروادی کانگریس پارٹی – شردچندر پوار گروپ کو 12 نشستیں ملیں۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے 5 نشستوں پر کامیابی درج کی، شیوسینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کو 1 نشست حاصل ہوئی اور 1 نشست آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔

ان نتائج میں مسلم نمائندگی بھی نمایاں طور پر سامنے آئی ہے۔
راشٹروادی کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) سے نجیب مُلّا، خان وحیدہ مصطفیٰ، اعظمی شاہ عالم محمد شاہد، انصاری حفصہ زبیر، انصاری شازیہ پروین اور محمد ابراہیم عبدالمجید راؤت کامیاب ہوئے۔

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ٹکٹ پر نفیس انصاری، سحر یونس شیخ، شیخ سلطانہ عبدالمنان، شعیب فرید ڈونگرے اور سرفراز خان عرف سیف پٹھان منتخب ہوئے۔
جب کہ راشٹروادی کانگریس پارٹی – شردچندر پوار گروپ کے ٹکٹ پر اشرف شانو پٹھان، سیما ساکب داتے، مرزیہ اشرف پٹھان اور شاکر شیخ، یاسین قریشی نے کامیابی حاصل کی۔

نتائج کے اعلان کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں کامیاب امیدواروں کے حامیوں میں جوش و خروش دیکھا گیا اور جشن منایا گیا، جب کہ ہارنے والے امیدواروں نے جمہوری فیصلے کو قبول کرتے ہوئے عوامی خدمت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق نئی میونسپل کارپوریشن میں مختلف طبقات کی نمائندگی سے شہری سہولتوں، بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں پر فیصلہ سازی میں توازن آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading