نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی پونے پولیس کمشنر کو ملزم کی فوری گرفتاری کی ہدایت، متاثرہ خاتون کو مکمل انصاف دلانے کا وعدہ
ممبئی: پونے کے سوارگیٹ بس اسٹیشن پر ایک خاتون کے ساتھ ہونے والا زیادتی کا واقعہ پورے مہاراشٹر کو جھنجھوڑنے والا اور انتہائی افسوسناک ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اس سنگین واردات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف تکلیف دہ اور دل دہلا دینے والا ہے بلکہ ہر مہذب شہری کے لیے شرم سے سر جھکا دینے والا بھی ہے۔ انہوں نے اس جرم میں ملوث ملزم کو سخت ترین سزا دینے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے درندہ صفت مجرموں کے لیے سزائے موت کے علاوہ کوئی اور سزا مناسب نہیں ہو سکتی۔
اجیت پوار نے اس واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پونے پولیس کمشنر کو ذاتی طور پر معاملے کی نگرانی کرنے، تفتیش میں تیزی لانے اور ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خود پونے کے پولیس کمشنر سے بات کرکے انہیں ہدایت دی ہے کہ اس معاملے میں کوئی تاخیر نہ کی جائے اور ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ملزم کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی اور یہ یقینی بنایا جائے گا کہ عدالت سے اسے عبرتناک سزا ملے۔
متاثرہ خاتون کی مدد اور انصاف کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بات کرتے ہوئے اجیت پوار نے کہا کہ ریاستی حکومت صرف ملزم کی گرفتاری اور سخت سزا دلانے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ متاثرہ بہن کو انصاف فراہم کرنے، اس کی ذہنی بحالی اور مکمل قانونی مدد دینے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ اس حوالے سے وزیر برائے خواتین و اطفال ترقی اور ریاستی خواتین کمیشن کی صدر کو فوری طور پر ضروری ہدایات جاری کی جاچکی ہیں تاکہ متاثرہ خاتون کو مکمل معاونت فراہم کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات سماج کے لیے بدنما داغ ہیں اور خواتین کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس لیے ریاستی حکومت ایسے مجرموں کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنائے گی اور مستقبل میں ایسے سنگین واقعات کو روکنے کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ اجیت پوار نے ریاست کے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر حکومت خواتین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی اور کسی بھی صورت میں ایسے درندہ صفت مجرموں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔