ممبئی-گوا قومی شاہراہ پر ٹریفک جام کے حل اور رائےگڑھ کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اجیت پوار کی صدارت میں اہم فیصلے
متبادل سڑکوں کی منظوری اور ’پرساد‘ اسکیم کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر فوری عملدرآمد کے احکامات
ممبئی: ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کی صدارت میں منترالیہ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں ممبئی-گوا قومی شاہراہ پر ٹریفک جام کے مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ طے پایا کہ جب تک انداپور اور مانگاﺅں بائی پاس راستوں کی تعمیر مکمل نہیں ہو جاتی، تب تک قریبی متبادل سڑکوں کی مرمت و توسیع کر کے ٹریفک کو رواں رکھا جائے گا۔
اجلاس میں چار متبادل سڑکوں کو نشان زد کیا گیا، جن میں موربہ روڈ سے ممبئی-گوا شاہراہ، سائی نگر کالوا پل سے اُتّے کھول کالوا گاؤں تک، نظام پور روڈ کالوا سے بھاداﺅں روڈ تک (یہ تینوں مانگاﺅں نگر پنچایت میں واقع ہیں) اور انداپور کینال روڈ سے وگوالی فاٹا روڈ تک شامل ہیں۔ ان راستوں کی فوری مرمت و ترقی کے لیے 15 کروڑ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے۔ نائب وزیراعلیٰ نے واضح ہدایت دی کہ ان کاموں کا آغاز فوری طور پر کیا جائے اور مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں وزیر تعمیرات عامہ شیوندرا سنگھ راجے بھوسلے، وزیر خواتین و اطفال آدیتی تٹکرے، رکن پارلیمان سنیل تٹکرے، مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران، رائےگڑھ ضلع انتظامیہ اور شاہراہ محکمہ کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 18 مئی کو اجیت پوار کے رائےگڑھ کے فضائی و زمینی معائنے کے دوران کیے گئے وعدوں اور مشاہدات کی روشنی میں موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اجیت پوار نے اس موقع پر یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ اگر کسی کام کے لیے قومی شاہراہ فنڈ سے مالی امداد دستیاب نہ ہو سکے، تو ریاستی حکومت اپنے وسائل سے فنڈ فراہم کرے گی۔ انہوں نے ضلع کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ہدایت دی کہ شاہراہ پر ٹریفک کنٹرول کے لیے اضافی نفری تعینات کی جائے اور ممکنہ جام کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری لائحہ عمل تیار کیا جائے۔
اسی روز ایک اور اہم اجلاس میں نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار نے رائےگڑھ ضلع کے اہم سیاحتی مقامات ہرِہرِیشور، مارل اور شریوردھن کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ ان علاقوں کے ترقیاتی منصوبے مرکز کی ’پرساد‘ اسکیم (تیرتھ تزئین و روحانی فروغ) کے تحت فوری روانہ کیے جائیں اور تمام ضروری منظوریوں کے عمل کو تیز کیا جائے۔ اجلاس میں وزیر سیاحت شنبھوراج دیسائی، وزیر آدیتی تٹکرے، وزیر مملکت اندرنيل نائیک، ایم ٹی ڈی سی اور رائےگڑھ ضلع انتظامیہ کے افسران شریک تھے۔ اجلاس میں "جنوبی کاشی" کے نام سے مشہور علاقوں کے ترقیاتی خاکوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی، خاص طور پر ہرِہرِیشور مندر کے پردکشنا مارگ کی تزئین اور مارل میں ستاروں کے مشاہدے کے لیے اسٹار گیجنگ مرکز کی تجویز پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ہرِہرِیشور منصوبے کی لاگت 22.66 کروڑ اور مارل میں بننے والے اسٹار گیجنگ مرکز کی لاگت تقریباً 25.06 کروڑ روپے ہوگی۔ اس مرکز میں سیاحوں کے لیے شفاف قیام گاہیں، کیمپنگ، ایڈونچر اسپورٹس، لیکچر ہال اور جنگلاتی سیاحت جیسی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ اجیت پوار نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں سے نہ صرف مقامی معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ تمام منصوبے جلد از جلد زمینی سطح پر نافذ ہوں تاکہ عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے۔