ناندیڑ، 2 اکتوبر: (ورق تازہ نیوز)معہد ابوالحسن کے ناظمِ اعلیٰ، معروف خطیب و داعی اور مفسرِ قرآن مولانا محمد سعد عبداللہ ندوی کو ان کے علمی مقالہ *القرآن الكريم وأثره في حياة المسلمين* پر جامعۃ نیل الذہب، الجزائر کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض کی گئی.مولانا محمد سعد عبداللہ ندوی نے یہ علمی مقالہ اعلیٰ تعلیم کے دوران ڈاکٹر احمد عیسیٰ الجزائری کی نگرانی و اشراف میں مکمل کیا، جس کی تکمیل گزشتہ ماہ ہوئی.
ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض کیے جانے کا باقاعدہ اعلان 2 اکتوبر کو مسجد نور محمدی، قیوم پلاٹ، ناندیڑ میں ختمِ تفسیر کے موقع پر بعد نمازِ عشاء کیا گیا،اس موقع پر ماہر اسماء الرجال، محدثِ جلیل ڈاکٹر مفتی سید عمیر احمد ندوی، رئیس رابطۃ علماء الدکن، نے اس علمی اعزاز کا اعلان کیا.
بعد ازاں مولانا محمد سعد عبداللہ ندوی کو ان کے والدِ محترم، بقیۃ السلف مفتی محمد وقایت اللہ قاسمی، مولانا محمد آصف ندوی اور ڈاکٹر مفتی سید عمیر احمد ندوی کے ہاتھوں ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض کی گئی.
اس موقع پر شہر کے ممتاز علماء، دانشوران اور معززین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، جن میں مولانا وسیم حسینی، مولانا طیب ندوی، مولانا صدیق ندوی، مفتی عبیدالرحمن صاحب اور دیگر اہلِ علم قابلِ ذکر ہیں.
بقیۃ السلف مفتی محمد وقایت اللہ قاسمی نے مولانا محمد سعد عبداللہ ندوی کی علمی، تدریسی، دعوتی اور تفسیری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا.
ڈاکٹریٹ کی ڈگری قبول کرتے ہوئے مولانا محمد سعد عبداللہ ندوی نے کہا کہ یہ اعزاز دراصل ان کے والدِ محترم جناب الحاج ابرار احمد صاحب عالم اور والدۂ محترمہ کی دعاؤں، نیز مخلص اساتذۂ کرام کی محنت اور دعاؤں کا ثمرہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعزاز انہیں آئندہ مزید لگن، محنت اور جذبے کے ساتھ علمی و دینی خدمات انجام دینے کا حوصلہ فراہم کرے گا.
اس موقع پر مفکرِ اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندوی رحمہ اللہ کے خلیفۂ اجل مولانا ظریف احمد قاسمی ندوی دامت برکاتہم العالیہ نے بھی مولانا محمد سعد عبداللہ ندوی کو خصوصی دعاؤں سے نوازا.
ختمِ تفسیر کی اس عظیم الشان تقریب میں ناندیڑ شہر اور اطراف سے ہزاروں مرد و خواتین اور بڑی تعداد میں علماء و دانشوران نے شرکت کی۔ تقریب کے موقع پر شہر ناندیڑ کی معروف تنظیم خادمینِ امت کی جانب سے مولانا محمد سعد عبداللہ ندوی کی طویل عرصے پر محیط خدماتِ قرآن کے اعتراف میں *ترجمان القرآن حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ ایوارڈ* اور سپاس نامہ بھی پیش کیا گیا.
تقریب کے اختتام پر عوام الناس اور اہلِ علم کی بڑی تعداد نے معہد ابوالحسن پہنچ کر مولانا محمد سعد عبداللہ ندوی کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری اور تکمیلِ تفسیر پر مبارکباد پیش کی، گل پوشی کی اور اپنی قلبی مسرت و نیک تمناؤں کا اظہار کیا.