ناندیڑ، 3 اکتوبر (ورق تازہ نیوز): ناندیڑ اور ہنگولی اضلاع میں آج ہفتہ، 3 اکتوبر 2026 کو صبح 07:46 اور 09:43 بجے زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے جانے کی اطلاع ضلعی ہنگامی امدادی مرکز کو موصول ہوئی ہے۔
قومی مرکز برائے زلزلہ پیما کی سرکاری معلومات کے مطابق، ان زلزلوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر بالترتیب 3.3 اور 4.5 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز ہنگولی ضلع کے وسَمَت تعلقہ میں پنگرا شندے گاؤں کے قریب بتایا گیا ہے۔
زلزلے کے باعث ناندیڑ ضلع میں کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور تمام متعلقہ محکموں کو چوکس کر دیا گیا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے سے شہریوں میں خوف و تشویش کا ماحول پیدا ہوگیا تھا۔ تاہم، ضلع کلکٹر راہل کڑدیلے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھبرانے کے بجائے محتاط رہیں۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کی صورت میں فوری طور پر محفوظ طریقے سے گھر سے باہر نکل کر کھلی جگہ پر رہیں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
دریں اثنا، ضلع کے وزیر رابط اتل ساوے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کرکے ضروری ہدایات دی ہیں۔ وزیر رابط اتل ساوے نے کہا کہ ناندیڑ ضلع میں کسی بھی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں، خوفزدہ نہ ہوں اور صرف سرکاری ذرائع سے موصول ہونے والی مستند معلومات پر ہی اعتماد کریں۔