MPCC Urdu News 11 June 25

اسمبلی انتخابات میں ’ووٹ چوری‘ کے خلاف آج مہاراشٹر بھر میں کانگریس کے مشعل مارچ

ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال گڑھ چرولی میں مظاہرے میں شریک ہوں گے

ممبئی: مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں مبینہ ووٹ چوری کے خلاف کانگریس نے آج 12 جون جمعرات کو ریاست بھر میں مشعل مارچ نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو بیدار کرنا اور اسمبلی انتخابات میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کرنا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرشوردھن سپکال آج گڑھ چرولی میں ہونے والے مشعل مارچ میں براہِ راست شرکت کریں گے، جبکہ ریاست کے مختلف حصوں میں دیگر سینئر لیڈر اور پارٹی کارکن بھی بڑے پیمانے پر ان مظاہروں میں شامل ہوں گے۔

کانگریس کا الزام ہے کہ ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کی اتحادی جماعتوں نے انتخابی نتائج میں دھاندلی کرکے غیر فطری اکثریت حاصل کی ہے۔ پارٹی کے مطابق یہ جیت نہ صرف ناقابلِ یقین بلکہ جمہوریت کے بنیادی اصولوں پر حملہ ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں مہاوکاس اگھاڑی کو واضح کامیابی حاصل ہوئی تھی، اور بی جے پی اتحاد کی پوزیشن کمزور تھی، اس کے باوجود اسمبلی انتخابات میں ان کے حق میں آیا اکثریتی نتیجہ مشکوک ہے۔

پارٹی نے مزید الزام عائد کیا ہے کہ ووٹنگ کے بعد جس شرحِ رائے دہی (58 فیصد) کا اعلان کیا گیا تھا، وہ اگلے دن بڑھا کر 66.5 فیصد کر دی گئی، یعنی تقریباً 7.83 فیصد کا حیران کن اضافہ دکھایا گیا۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ خود ایک بڑا گھپلا ہے اور الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے۔ ریاستی کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ اس ’میچ فکسنگ‘ جیسے انتخابی گھوٹالے کی آزاد اور شفاف جانچ ہونی چاہیے تاکہ جمہوری نظام پر عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن ہی شکوک و شبہات کی زد میں آ جائے تو یہ پورے جمہوری ڈھانچے کے لیے خطرناک اشارہ ہے۔

آج ہونے والے مشعل مارچ میں کانگریس کے سینئر لیڈر، سابق و موجودہ ارکانِ پارلیمنٹ و اسمبلی، عہدیداران، اور کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ تحریک صرف انتخابی شفافیت کے لیے نہیں بلکہ جمہوریت کے تحفظ کے لیے بھی ایک اہم قدم ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading