ناندیڑ، 3 اکتوبر (ورق تازہ نیوز):ناندیڑ اور ہنگولی اضلاع میں آج ہفتہ، 3 اکتوبر 2026 کو صبح 07:46 اور 09:43 بجے زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے جانے کی اطلاع ضلعی ہنگامی امدادی مرکز کو موصول ہوئی ہے۔
قومی مرکز برائے زلزلہ پیما کی سرکاری معلومات کے مطابق، ان زلزلوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر بالترتیب 3.3 اور 4.5 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز ہنگولی ضلع کے وسَمَت تعلقہ میں پنگرا شندے گاؤں کے قریب بتایا گیا ہے۔
زلزلے کے باعث ناندیڑ ضلع میں کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور تمام متعلقہ محکموں کو چوکس کر دیا گیا ہے۔
زلزلے کا جھٹکا محسوس ہوتے ہی لوگوں میں تشویش پھیل گئی۔ دکانوں اور مکانوں میں موجود بعض افراد فوری طور پر باہر نکل آئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے کچھ دیر کے لیے محسوس کیے گئے۔