اُنّاؤ عصمت دری معاملہ: ممبئی یوتھ کانگریس کی لوکل ٹرین میں عوامی بیداری مہم

’بیٹی بچاؤ‘ بی جے پی کا کھوکھلا نعرہ، بیٹی پر ظلم کرنے والوں کے ساتھ کھڑی ہے بی جے پی: زینت شبرین

ممبئی: اُنّاؤ عصمت دری معاملے میں قصوروار بی جے پی کے سابق رکنِ اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر کی سزا کو عدالت کی جانب سے معطل کیے جانے پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ اس فیصلے کو خواتین کے ساتھ ہونے والے سنگین جرائم کے تئیں نظام کی بے حسی قرار دیتے ہوئے ممبئی یوتھ کانگریس نے انوکھے انداز میں عوامی بیداری مہم چلائی۔ ممبئی یوتھ کانگریس کی صدر زینت شبرین کی قیادت میں سانتاکروز سے چرچ گیٹ کے درمیان لوکل ٹرین میں سفر کرتے ہوئے مسافروں سے براہِ راست گفتگو کے ذریعے اس معاملے پر حکومت کے کردار کو بے نقاب کیا گیا۔
اس موقع پر زینت شبرین نے کہا کہ اُنّاؤ جیسے دل دہلا دینے والے معاملے میں متاثرہ لڑکی کو انصاف دلانے کے بجائے مجرم کو راحت دینا بی جے پی کی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ صرف ایک نعرہ بن کر رہ گیا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بی جے پی طاقت کے زور پر عصمت دری کے مجرموں کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ خواتین کے تحفظ کے معاملے میں حکومت کی ذمہ داری ہمدردانہ، آئینی اور منصفانہ ہونی چاہیے لیکن یہاں اقتدار کا غلط استعمال کر کے ظالموں کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک متاثرہ کو مکمل انصاف نہیں ملتا، یوتھ کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی۔
اس عوامی بیداری مہم میں ممبئی یوتھ کانگریس کے انچارج پون مجیٹھیا، ریاستی جنرل سیکریٹری سنتوش گپتا، نارتھ ویسٹ ضلع صدر شیو جتن یادو، ساؤتھ سینٹرل ضلع صدر پرگیا دھاولے سمیت بڑی تعداد میں عہدیداران اور کارکنان شریک ہوئے۔ لوکل ٹرین میں سفر کے دوران کارکنان نے مسافروں کو اُ نّاؤ معاملے کی مکمل تفصیلات بتائیں اور حکومت کے کردار پر سخت سوالات اٹھائے۔
زینت شبرین نے مزید کہا کہ بی جے پی خواتین کی سلامتی کے نام پر محض تشہیر کرتی ہے، لیکن عملی طور پر ایسے سنگین جرائم میں ملزموں کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہے۔ اسی دوہرے رویّے کو عوام کے سامنے لانا اس مہم کا مقصد ہے۔ ممبئی یوتھ کانگریس نے اعلان کیا کہ خواتین کے وقار اور انصاف کے تحفظ کے لیے اس طرح کی عوامی بیداری مہمات آئندہ بھی جاری رہیں گی اور کسی بھی صورت میں مظلوم کی آواز کو دبنے نہیں دیا جائے گا۔

RSS
Follow by Email

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading