لوکل ٹرین حادثے میں ہونے والی اموات بی جے پی حکومت کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے: ہرش وردھن سپکال
غیر فعال اور غیر ذمہ دار ریلوے وزیر اشونی ویشنو کو برطرف کیا جائے
ممبئی: ممبئی کے قریب ممبرا ریلوے اسٹیشن کے پاس پیش آنے والا اندوہناک واقعہ، جس میں لوکل ٹرین سے گرنے کے باعث 6 مسافروں کی جانیں چلی گئیں، محض ایک حادثہ نہیں بلکہ حکومت کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ یہ انسانی جانوں کی قربانی ہے جو بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی لاپرواہی کے سبب ہوئی ہے۔ یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کہیں ہیں۔
ہرش وردھن سپکال نے مطالبہ کیا ہے کہ اس حادثے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیے، لیکن اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ اس سانحے کے اصل ذمہ دار، مرکزی ریلوے وزیر اشونی ویشنو کو فوری طور پر کابینہ سے برطرف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے ممبئی اور مہاراشٹر کی عوام کو بار بار یہ وعدے سننے کو ملے کہ جلد ہی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے گا اور سفر کو آرام دہ بنایا جائے گا، مگر زمینی حقیقت یہ ہے کہ سہولت اور ترقی کے نام پر محض ٹینڈروں کی بندربانٹ اور کمیشن خوری کا دھندہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، افسر شاہی اور ٹھیکیدار تو امیر ہو رہے ہیں، لیکن اس بدعنوانی کی قیمت عام شہریوں کو اپنی جان دے کر چکانی پڑ رہی ہے۔ یہ صورت حال ناقابل قبول ہے اور حکومت کو اب جاگنا چاہیے۔ انہیں ایونٹ مینجمنٹ کے کھیل سے باہر نکل کر فوری طور پر ایسے مؤثر اقدامات اٹھانے چاہیے جن سے ممبئی کے شہریوں کا روزمرہ کا سفر محفوظ بنایا جا سکے۔
سپکال نے کہا کہ ممبئی میں لوکل ٹرینیں ہی شہریوں کی زندگی کا مرکزی حصہ ہیں۔ روزانہ تقریباً 75 لاکھ لوگ ان ٹرینوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں، لیکن اب یہ سفر خطرے سے خالی نہیں رہا۔ شہری جب اپنے گھر سے باہر نکلتے ہیں تو ان کے دل میں ہر وقت یہ خدشہ رہتا ہے کہ وہ صحیح سلامت واپس لوٹیں گے بھی یا نہیں۔ ٹرینوں کی شدید بھیڑ کی وجہ سے روز حادثات پیش آتے ہیں، جن میں لوگ اپنی جان کھو بیٹھتے ہیں یا معذور ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بھیڑ کم کرنے اور سفر کو محفوظ بنانے کے لیے متعدد بار گفتگو، میٹنگز اور اعلانات ہوئے، مگر ان پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر رہا۔ ہر حادثے کے بعد لوکل ٹرینوں میں دروازے لگانے کا اعلان ضرور ہوتا ہے، لیکن زمین پر کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی۔ ریلوے انتظامیہ مکمل طور پر سست اور بے حس بن چکی ہے، جیسے وہ کسی گہری نیند میں سوئی ہوئی ہو۔
سپکال نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے مسلسل لوکل ٹرینوں سے جڑی پریشانیوں کو اجاگر کرتے رہے ہیں، لیکن حکومت اور ریلوے کی نیند نہیں ٹوٹتی۔ بی جے پی حکومت بلٹ ٹرین منصوبہ مکمل کرنا چاہتی ہے، جب کہ ممبئی کے شہریوں کو بلٹ ٹرین کی نہیں، بلکہ ایک محفوظ اور منظم لوکل ٹرین سروس کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت شہریوں کی جان کے ساتھ کھیل رہی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ یہ کھیل بند کیا جائے۔ ہرش وردھن سپکال نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا کہ شہریوں کی جانوں کی حفاظت کے لیے فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں، اور اس المناک حادثے کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔