رواں ہفتے جب مدھیہ پردیش کے ضلع ڈنڈوری کے 35 سالہ رہائشی راجیندر بروتیا کو ان کے ایک دوست نے رس گلہ کھانے کو دیا تو انھوں نے بنا سوچے سمجھے اسے منہ ڈال لیا۔ تاہم جیسے ہی انھوں نے اسے منہ میں رکھ کر چبایا تو ان کے منہ میں ایک زوردار دھماکا ہوا اور وہ شدید زخمی ہو گئے۔ راجیندر کی بیوی کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر کا جبڑا پھٹ گیا تھا اور چہرہ پہچاننے کے قابل نہیں رہا تھا۔انھیں فوراً ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دورانِ علاج وفات پا گئے۔
پولیس کے مطابق راجیندر کو ان کے پڑوس میں رہنے والے ایک دوست رام بھگت سنگھ بروتیا نے رس گلے کی شکل میں ایک دیسی ساختہ بم دیا تھا۔ عام طور پر اس طرح کے بم سور مارنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔پولیس نے راجیندر کی ہلاکت کے بعد اس معاملے میں دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان میں رس گلے میں بم رکھ کر دینے والے رام بھگت بروتیا کے علاوہ ایک دوسرا شخص بھی شامل ہیں جنھیں جنگل میں یہ بم ملا تھا۔
ڈنڈوری کوتوالی کے تھانہ انچارج درگا پرساد ناگپورے نے بی بی سی ہندی کو بتایا کہ ’دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔‘
’میرے شوہر کا جبڑا پھٹ گیا اور چہرہ پہچاننے کے قابل نہیں رہا‘
علاقے کے تھانہ انچارج درگا پرساد ناگپورے کے مطابق جس شام یہ واقعہ پیش آیا اس وقت راجیندر بروتیا اپنے گھر کے صحن میں اہلِ خانہ کے ساتھ آگ تاپ رہے تھے۔ ان کے ساتھ ان کی اہلیہ، بچہ اور نانی بھی موجود تھیں۔اسی دوران ان کے پڑوس میں رہنے والے رام بھگت سنگھ وہاں آئے۔ دونوں آگ کے پاس بیٹھ کر بات چیت کرنے لگے۔ پولیس کے مطابق دونوں کے درمیان ہنسی مذاق بھی ہو رہا تھا۔
ناگپورے نے بتایا کہ اسی دوران رام بھگت نے راجیندر کو ایک چھوٹی گیند نما چیز دی۔ ان کا کہنا ہے رام بھگت نے اپنے دوست کو بتایا کہ یہ رس گلہ ہے اور اسے چکھنے کو کہا۔
راجیندر کی اہلیہ سشیلا بائی نے بی بی سی ہندی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’رام بھگت نے میرے شوہر سے دیوالی کے تہوار کا ذکر کرتے ہوئے رس گلہ چکھنے کے لیے کہا۔ انھوں نے جیسے ہی اسے منھ میں ڈال کر چبایا، اچانک دھماکا ہو گیا۔‘
سشیلا بائی کا مزید کہنا ہے کہ ’مجھے تو کچھ سمجھ ہی نہیں آیا۔ میرے شوہر کا جبڑا پھٹ گیا تھا اور ایک لمحے میں ان کا چہرہ پہچاننے کے قابل نہیں رہا تھا۔‘
اس کے بعد اہلِ خانہ انھیں آٹو رکشے کے ذریعے ڈنڈوری ضلع ہسپتال لے گئے، جہاں علاج کے دوران ان کی وفات ہو گئی۔ اگلے روز پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اہلِ خانہ کے حوالے کر دی گئی۔
راجیندر کی اہلیہ سشیلا بائی کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر نے جانوروں کو مارنے کے لیے استعمال ہونے والا بم کھا لیا تھا۔
رس گلے کے نام پر دیا گیا بم کہاں سے آیا؟
پولیس کے مطابق اس مقدمے میں گرفتار کیے گئے دوسرے ملزم کو یہ دھماکا خیز مواد جنگل میں ملا تھا۔جس شخص کو یہ چیز جنگل میں ملی تھی، اس نے یہ بم رام بھگت سنگھ کو دے دیا تھا۔ بعد ازاں رام بھگت نے اسے راجیندر کو رس گلہ بتا کر کھانے کو دیا۔اب پولیس اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ یہ دھماکا خیز مواد جنگل میں کہاں سے آیا اور اسے وہاں کس نے رکھا تھا۔ابتدائی تحقیقات میں دونوں گرفتار افراد اور راجیندر کے درمیان کسی پرانی دشمنی یا رنجش کے شواہد سامنے نہیں آئے ہیں۔پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 105 اور ایکسپلوسِوز ایکٹ کی دفعات 3 اور 4 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔