ممبئی (ورق تازہ نیوز): مہاراشٹر کی سیاست میں ایک بار پھر سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے طیارہ حادثہ کو لے کر ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ ممبئی میں یشونت راؤ چوہان سینٹر کے باہر لگائے گئے ایک پراسرار پوسٹر نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ پوسٹر میں سوال کیا گیا ہے کہ اجیت دادا کے حادثہ یا مبینہ سازش کے پیچھے موجود افراد کو بچانے والا مفلر والا لیڈر کون ہے؟ اس پوسٹر پر 16 نومبر کو دوپہر 4 بجے بڑے انکشاف کا اشارہ بھی دیا گیا ہے۔
پوسٹر میں کسی سیاسی لیڈر کا نام واضح طور پر درج نہیں کیا گیا، تاہم مفلر کی تصویر کے ذریعے ایک مخصوص شخصیت کی جانب اشارہ کیے جانے کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ اس کے بعد سیاسی حلقوں میں اس مفلر والے لیڈر کی شناخت اور ممکنہ انکشاف کو لے کر تجسس بڑھ گیا ہے۔
روہت پوار کے سابقہ دعوے سے جوڑ کر دیکھا جارہا ہے معاملہ
این سی پی (شردچندر پوار) کے رکن اسمبلی روہت پوار نے اس سے قبل اجیت پوار کے طیارہ حادثہ کے معاملے میں وی ایس آر کمپنی کو تحفظ فراہم کرنے والے ایک بڑے لیڈر کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ لیڈر چھگن بھجبل یا اروند کیجریوال نہیں بلکہ کوئی اور شخصیت ہے۔ روہت پوار نے اس لیڈر کے نام اور تصویر کے ساتھ انکشاف کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
اب یشونت راؤ چوہان سینٹر کے باہر لگے پوسٹر کو روہت پوار کے سابقہ دعوؤں سے جوڑ کر دیکھا جارہا ہے، تاہم پوسٹر کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے، اس بارے میں کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔
16 نومبر کے اعلان پر سیاسی حلقوں کی نظریں
16 نومبر کو دوپہر 4 بجے ہونے والے ممکنہ انکشاف کو لے کر مہاراشٹر کی سیاست میں تجسس بڑھ گیا ہے۔ اس موقع پر مفلر والے لیڈر کی شناخت سامنے آئے گی یا اجیت پوار کے طیارہ حادثہ سے متعلق کوئی نئے شواہد پیش کیے جائیں گے، اس پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔
واضح رہے کہ اجیت پوار کے طیارہ حادثہ کو سازش قرار دینے کے دعوؤں اور مختلف سیاسی بیانات کے باوجود، حادثہ کے پیچھے کسی سازش یا کسی سیاسی لیڈر کے ملوث ہونے کی تصدیق تاحال نہیں ہوئی ہے۔