ناندیڑ میں افراح کلیکشن کی جانب سے فروخت کردہ پاکستانی ساختہ کاسمیٹکس سے انسانی صحت کو خطرہ، رپورٹ میں انکشاف

ناندیڑ ( ورق تازہ نیوز): ناندیڑ شہر میں غیر قانونی طور پر فروخت کیے جانے والے پاکستانی ساختہ کاسمیٹکس میں انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک پارہ (Mercury) اور آرسینک (Arsenic) کی زہریلی مقدار پائے جانے کا سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔ سرکاری تجربہ گاہ کی رپورٹ میں ان مادوں کی مقدار مقررہ حد سے ہزاروں گنا زیادہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیلابھ روہن کی رہنمائی میں اتوارہ پولیس اور محکمہ خوراک و ادویات کی مشترکہ کارروائی کے دوران 9 جولائی 2026 کو اتوارہ پولیس اسٹیشن کے علاقے منیار گلی میں افراح کلیکشن  نامی دکان پر چھاپہ مارا گیا تھا۔ اس کارروائی میں مختلف برانڈز کے پاکستانی ساختہ کاسمیٹکس ضبط کیے گئے تھے، جن کی مجموعی مالیت 39,69,940 روپے بتائی گئی ہے۔

اس معاملے میں دکان کے مالک محمد ضیاء الدین محمد واجد (25 سال)، ساکن منیار گلی، حال مقیم حیدرباغ دیگلور ناکہ، ناندیڑ کے خلاف اتوارہ پولیس اسٹیشن میں جرم نمبر 242/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 123، 318(4)، 18(سی)، 27(2)(بی)، ادویات و کاسمیٹکس قانون اور غیر ملکی تجارت قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ضبط شدہ کاسمیٹکس کے نمونے سرکاری تجزیہ کے لیے محکمہ خوراک و ادویات کی تجربہ گاہ کو بھیجے گئے تھے۔ رپورٹ میں PARLEY 24K GOLD GLEAM BEAUTY CREAM میں پارے کی مقدار 48,453.44 PPM پائی گئی، جبکہ کاسمیٹکس میں پارے کی مقررہ حد صرف 1 PPM ہے۔ اس طرح مذکورہ کریم میں پارے کی مقدار مقررہ حد سے تقریباً 48 ہزار گنا زیادہ پائی گئی، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔

پولیس کی پریس نوٹ میں مزید کاسمیٹکس کے نمونوں میں بھی خطرناک کیمیائی مادوں کی موجودگی کا ذکر کیا گیا ہے۔

پریس نوٹ کے مطابق اس کارروائی سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستانی ساختہ غیر معیاری کاسمیٹکس کی فروخت عوام کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔ پولیس اور محکمہ خوراک و ادویات کی جانب سے اس معاملے میں مزید کارروائی جاری ہے۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی اور مشکوک کاسمیٹکس خریدنے سے گریز کریں اور ایسے مصنوعات کی فروخت کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔


پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی اور ناقص معیار کی کاسمیٹکس میں موجود انتہائی زیادہ مقدار میں پارہ اور آرسینک انسانی جلد کے ذریعے جسم میں داخل ہوکر جلد کے سنگین امراض، گردوں کی خرابی اور اعصابی نظام پر مضر اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔

غیر قانونی، بغیر اجازت یا غیر ملکی ساختہ مشکوک مصنوعات کی فروخت کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن، ناندیڑ ضلع پولیس کنٹرول روم کے نمبر 02462-234720 یا ڈائل 112 پر دیں۔