NCP Urdu News 9 June 25

لوکل ٹرین سے گر کر مسافروں کی ہلاکت افسوسناک اور تکلیف دہ: اجیت پوار

مسافروں کی حفاظت کو ترجیح بنانے کی ضرورت، مضافاتی ریل خدمات کو مؤثر اور محفوظ بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے

ممبئی: مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے آج ممبئی کی لوکل ٹرین میں پیش آئے دلخراش حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کَسارا سے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس کی جانب آنے والی مضافاتی لوکل ٹرین سے گر کر مسافروں کی ہلاکت ایک بدقسمت اور دل کو تڑپا دینے والا واقعہ ہے۔ یہ حادثہ نہ صرف ایک انسانی سانحہ ہے بلکہ اس نے لوکل ریلوے کی گنجائش سے زیادہ بھیڑ اور مسافروں کی حفاظت کے سنگین مسئلے کو ایک بار پھر نمایاں کیا ہے۔

اجیت پوار نے کہا کہ ایسے حادثات اس بات کی یاد دہانی کرواتے ہیں کہ ریلوے نظام میں فوری طور پر سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ریاستی حکومت کو یقین ہے کہ ریلوے انتظامیہ اپن شہری ریلوے خدمات کو مزید مؤثر، منظم اور محفوظ بنانے کے لیے جلد سے جلد ٹھوس قدم اٹھائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے المیے دوبارہ نہ دہرائے جائیں۔ انہوں نے اس المناک حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم زخمیوں کی جلد مکمل صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ جو مسافر اس حادثے میں جاں بحق ہوئے ہیں، ان کے اہل خانہ کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں۔ میں ان تمام مرحومین کو گہرے رنج اور درد بھری عقیدت کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔

نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا ہے کہ ہمارا مقصد صرف حادثے کے بعد بیان بازی نہیں بلکہ ایک جامع پالیسی مرتب کرنا ہے جو طویل مدتی حل فراہم کرے۔ مضافاتی ریلوے لاکھوں افراد کے روزمرہ سفر کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اسے محفوظ بنانا حکومت اور ریلوے دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اجیت پوار نے ریاستی سطح پر بھی ٹرانسپورٹ کے متبادل نظام پر غور کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مضافاتی ریلوے پر بڑھتے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ ممبئی کی مضافاتی ریلوے کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے لیے فوری طور پر اضافی فنڈز اور وسائل مہیا کرے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ جو کچھ ہوا وہ ناقابل تلافی ہے، لیکن ہم یہ یقین دلاتے ہیں کہ مستقبل میں ایسے سانحے دوبارہ نہ ہوں اس کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ یہ حادثہ نہ صرف ایک انتباہ ہے بلکہ ایک موقع ہے کہ ہم اپنے شہری ٹرانسپورٹ نظام کو نئے سرے سے ترتیب دیں، جہاں ہر مسافر کو سفر کے دوران تحفظ اور وقار ملے۔

یہ حادثہ وسطی ریلوے کے ممبرا اور دیوا اسٹیشنوں کے درمیان پیش آیا، جہاں ریل گاڑی میں حد سے زیادہ بھیڑ کے باعث کئی مسافر چلتی گاڑی سے نیچے گر پڑے۔ اس افسوسناک واقعے نے ممبئی کے لوکل ریلوے نظام میں موجود خامیوں کو ایک بار پھر عوام اور حکومت دونوں کے سامنے اجاگر کر دیا ہے۔ شہری روز مرہ کی بنیاد پر حد سے زیادہ بھیڑ، کم بوگیاں، ناکافی دروازے، اور غیر مؤثر سیفٹی اقدامات کی شکایات کرتے آئے ہیں، مگر مؤثر حل تاحال نہیں نکالا گیا۔ریاستی حکومت کی جانب سے اعلیٰ سطح پر اس معاملے کا نوٹس لیا جا چکا ہے۔ امکان ہے کہ آئندہ دنوں میں ریلوے انتظامیہ اور ریاستی حکام کے مابین ایک خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ مضافاتی ریلوے کو جدید سہولیات سے لیس کیا جا سکے، اضافی بوگیاں فراہم کی جائیں، پلیٹ فارم پر نگرانی سخت کی جائے اور دروازوں پر آٹومیٹک سسٹمز نصب کیے جائیں تاکہ مسافروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading