چورو: بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک سینئر رہنما کی جانب سے انتخابی جلسے میں کلمہ پڑھنے کا واقعہ سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گیا ہے۔ بی جے پی کے سینئر رہنما اور راجستھان سے 7 مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے والے راجندر راٹھوڑ نے حال ہی میں راجستھان کے چورو میں منعقدہ ایک انتخابی جلسے کے دوران کلمہ پڑھا۔
اطلاعات کے مطابق راجندر راٹھوڑ کی بہو کانیکا سنگھ چورو ضلع پریشد کا انتخاب لڑ رہی ہیں، جبکہ ان کے بیٹے پراکرم راٹھوڑ بھی چورو کے وارڈ نمبر 39 سے ضلع پریشد انتخابات میں امیدوار ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ راجندر راٹھوڑ کی بہو جس وارڈ سے انتخاب لڑ رہی ہیں، وہاں مسلم ووٹروں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ ایسے میں انتخابی جلسے کے دوران کلمہ پڑھنے کے واقعے کو سیاسی حلقوں میں انتخابی حکمت عملی سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے اور اس پر مختلف تبصرے سامنے آرہے ہیں۔
راجندر راٹھوڑ کے کلمہ پڑھنے کے دعوے پر مدن راٹھوڑ کا ردعمل، ’’وہ کلمہ نہیں تھا‘‘
راجستھان: بی جے پی کے سینئر رہنما راجندر راٹھوڑ کی جانب سے انتخابی ریلی کے دوران کلمہ پڑھنے کے معاملے پر سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے۔ اس معاملے پر راجستھان بی جے پی کے ریاستی صدر مدن راٹھوڑ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ راجندر راٹھوڑ نے جو کچھ کہا، وہ کلمہ نہیں تھا۔
مدن راٹھوڑ نے کہا کہ انہیں کلمہ معلوم ہے اور اس کے ایک ایک لفظ سے وہ واقف ہیں۔ تاہم لوگوں کو اس کی معلومات نہ ہونے کی وجہ سے وہ راجندر راٹھوڑ کے بیان کو کلمہ سمجھ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ راجندر راٹھوڑ نے جو پڑھا، وہ کلمہ نہیں بلکہ ایک الگ بات تھی۔
دوسری جانب راجندر راٹھوڑ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ انہیں یہ بات کہتے ہوئے کسی قسم کا جھجک محسوس نہیں ہوتی کہ انہوں نے ہمیشہ انسانیت اور محبت کو فروغ دیا ہے اور کبھی نفرت پھیلانے کا کام نہیں کیا۔
راجندر راٹھوڑ کے اس بیان اور مدن راٹھوڑ کے ردعمل کے بعد سیاسی حلقوں میں اس معاملے پر بحث مزید تیز ہوگئی ہے۔