شاہین اکیڈمی ناندیڑ کے 54 طلباء نے ایم بی بی ایس میں داخلہ حاصل کرکے تاریخ رقم کی

ناندیڑ (ورق تازہ نیوز) شاہین اکیڈمی ناندیڑ نے تعلیمی میدان میں ایک مرتبہ پھر اپنی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی کا ایک نیا سنگ میل عبور کیا ہے۔ اکیڈمی ک54 طلبہ نے سال 2026 میں میڈیکل کے باوقار ایم بی بی ایس کورس میں داخلہ حاصل کرکے ادارے اور شہر کا نام روشن کیا۔ ان کامیاب طلبہ میں 26 طالبات اور 28 طلبہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایس ایس سی و ایچ ایس سی بورڈ امتحانات میں نمایاں کامیابی درج کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور اعزاز افزائی کے لیے حسبِ روایت ایک شاندار تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔

شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالقدیر کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں کلکتہ سے تشریف لائے ریٹائرڈ ونگ کمانڈر ایم شمیم اختر اور جمعیت علماء مہاراشٹر کے سیکریٹری مولانا محمد ابراہیم قاسمی نے مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔اس موقع پر شاہین اکیڈمی ناندیڑ کے ڈائریکٹر محمد عبدالحئی سر نے ادارے کی ایک سالہ تعلیمی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی کے54 طلبہ کا ایم بی بی ایس میں داخلہ حاصل کرنا ادارے کے لیے انتہائی مسرت اور فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان طلبہ نے بھوپال، ممبئی، پونے، ناگپور، چھترپتی سنبھاجی نگر (اورنگ آباد)، ناندیڑ، اکولہ، ایوت محل، بلڈھانہ، بیڑ، ہنگولی، پربھنی، نرمل اور ورنگل کے مختلف گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں داخلہ حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی طلبہ کی مسلسل محنت، والدین کی دعاؤں، اساتذہ کی مخلصانہ رہنمائی اور اکیڈمی کی منظم تعلیمی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے ادارے کے نصب العین ’’آپ کا خواب، ہمارا مشن‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شاہین اکیڈمی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ان کے روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے مسلسل رہنمائی فراہم کررہی ہے۔مہمانِ خصوصی ریٹائرڈ ونگ کمانڈر ایم شمیم اختر نے اپنے خطاب میں نظم و ضبط کو کامیابی کی شاہ کلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ زندگی میں ڈسپلن نہ ہو تو کوئی بھی بڑی کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے فوجی زندگی اور تاریخی واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب کسی فوج میں نظم و ضبط ختم ہوجاتا ہے تو اسے جنگ کے میدان میں شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے تعلیمی میدان میں بھی نظم و ضبط کے بغیر بڑی کامیابی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔

انہوں نے طلبہ کو اپنی تعلیم پر مکمل توجہ مرکوز رکھنے اور زندگی میں واضح مقصد و وژن کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ اپنے فضائیہ کے تجربات کی روشنی میں انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لیے صرف محنت کافی نہیں بلکہ مستقبل کا واضح تصور، مستقل مزاجی اور خود احتسابی بھی ضروری ہے۔جمعیت علماء مہاراشٹر کے سیکریٹری مولانا محمد ابراہیم قاسمی نے اپنے خطاب میں طلبہ کو تعلیم اور عملی زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اپنی دینی ذمہ داریوں کو فراموش نہ کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اپنے کردار، اخلاق اور معاملات کے ذریعے اسلام کی حقیقی تصویر پیش کرنے والے بہترین نمونے بنیں، کیونکہ ایک زمانہ تھا جب مسلمانوں کے کاروبار، معاملات اور اعلیٰ اخلاق سے متاثر ہوکر لوگ اسلام قبول کرتے تھے۔ انہوں نے اس غلط فہمی کو بھی دور کیا کہ علماء تعلیم کے مخالف ہیں یا لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں نہیں ہیں۔ مولانا نے واضح کیا کہ علماء تعلیم کے مخالف نہیں بلکہ تعلیمی اداروں کے ایسے ماحول اور چیلنجز کے بارے میں فکر مند ہیں جو طلبہ کی دینی و اخلاقی اقدار کو متاثر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیمی اداروں میں مختلف آزمائشوں اور برائیوں کے باوجود اپنی دینی شناخت، دینداری اور اخلاق و کردار کی حفاظت کریں۔ آخر میں انہوں نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل اور دینی استقامت کے لیے دعا کی۔صدارتی خطاب میں شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالقدیر نے تعلیمی اداروں کے تحفظ، استحکام اور فروغ کی اہمیت پر خصوصی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک زمانے میں بہار کے کشن گنج میں قائم ادارہ پورے علاقے کے لیے آکسفورڈ کی حیثیت رکھتا تھا، جبکہ میرٹھ کے قدیم تعلیمی ادارے بھی نمایاں خدمات انجام دے رہے تھے، لیکن آج ان میں سے کئی ادارے ویرانی اور زوال کا شکار ہیں۔

ڈاکٹر عبدالقدیر نے ناندیڑ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ تعلیمی اداروں کی بھرپور حمایت کریں، انہیں مضبوط بنائیں اور اپنی اولاد کی تعلیم کے ساتھ ان کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کے بغیر تعلیم بے فائدہ ہے، ملک کو شاہین اکیڈمی بیدر جیسے تعلیمی ماحول، ثقافت اور نظم و ضبط کے حامل کم از کم 500 اداروں کی ضرورت ہے۔ اگر ملک میں ایسے اداروں کا قیام عمل میں آئے تو نئی نسل کے مستقبل کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے معاشرے کی ترجیحات پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں بچوں کی تعلیم کے مقابلے میں ان کی شادیوں پر دوگنا بلکہ بعض مقامات پر چار سے پانچ گنا زیادہ رقم خرچ کی جاتی ہے، جو لمحۂ فکریہ ہے۔ والدین کی پہلی ترجیح اپنی اولاد کی تعلیم و تربیت ہونی چاہیے۔ انہوں نے معاشرتی رسم و رواج کے بجائے دینی تعلیمات اور سنتِ نبویؐ کو اپنی زندگی میں ترجیح دینے کی بھی تلقین کی۔تقریب میں شاہین اکیڈمی کے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے بعض طلبہ نے بھی اپنے تاثرات پیش کیے۔

انہوں نے اپنی کامیابی میں والدین کی دعاؤں، اساتذہ کی محنت اور ادارے کی رہنمائی کو بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ طلبہ نے اکیڈمی کے روزمرہ تعلیمی نظام، مطالعے کے معمولات، اساتذہ کی نگرانی اور نیٹ امتحان کی تیاری کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات فراہم کیں۔تقریب کے دوران نیٹ اور جے ای ای امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرکے ملک کے مختلف میڈیکل اور انجینئرنگ کالجوں میں داخلہ پانے والے طلبہ کے علاوہ ایس ایس سی اور ایچ ایس سی بورڈ امتحانات میں نمایاں نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ کو مہمانانِ خصوصی اور دیگر معزز شخصیات کے ہاتھوں اعزازات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر شاہین اکیڈمی کے ان سابق طلبہ کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی جنہوں نے اپنی میڈیکل اور انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرلی ہے۔اس کے علاوہ تقریب کے دوران شاہین اکیڈمی ناندیڑ کے ڈائرکٹر عبدالحئی اور تمام اساتذہ کی غیر معمولی تدریسی خدمات کا بھی اعتراف کیا گیا اور ان کا بھی استقبال کیا گیا ۔اسی طرح اس موقع پر 2020-21 بیچ کے سابق طلبہ جنہوں نے اپنی میڈیکل کی تعلیم مکمل کرلی ہے ان کو بھی تہنیت پیش کی گئی ۔یجویشن تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں 52 فارغین کو ان کی تعلیمی و پیشہ ورانہ کامیابیوں کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔ ان میں MBBS، BDS، BAMS، BUMS، BHMS اور انجینئرنگ کے فارغین شامل تھے۔ اس موقع پر سابق طلبہ کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے موجودہ طلبہ کو یہ پیغام دیا گیا کہ شاہین اکیڈمی سے ان کا تعلق صرف تعلیمی دور تک محدود نہیں بلکہ ادارہ اپنے سابق طلبہ کی کامیابیوں کو بھی اپنی کامیابی تصور کرتا ہے۔ سابق طلبہ کی شرکت نے تقریب کی رونق میں مزید اضافہ کیا۔ اس موقع پر ادارے نے معیاری تعلیم، اخلاقی تربیت اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے اپنی کوششیں آئندہ بھی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔