MPCC Urdu News 23 April 25

معصوم سیاحوں پر بزدلانہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جائے: ہرشوردھن سپکال

پہلگام حملے کے خلاف کانگریس کا دادر میں احتجاجی مارچ

ممبئی: جموں و کشمیر کے پہلگام میں بے گناہ سیاحوں پر ہونے والے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے دادر میں احتجاجی مارچ نکالا۔ اس موقع پر مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرشوردھن سپکال نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ایسے عناصر کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جائے۔

پردیش کانگریس کے صدر دفتر، تلک بھون میں پہلگام حملے میں جاں بحق ہونے والوں کو دو منٹ کی خاموشی اختیار کر کے خراج عقیدت پیش کیا گیا، جس کے بعد دادر میں احتجاجی مارچ نکالا گیا۔ مارچ کے دوران کانگریس کارکنان نے ’پاکستان مردہ باد’ اور ’بھارت ماتا کی جے‘ جیسے نعرے لگا کر حملے کی سخت مخالفت کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہرشوردھن سپکال نے کہا کہ پہلگام میں پیش آئے دہشت گرد حملے کے پیش نظر حکومت کو فوری طور پر کل جماعتی اجلاس طلب کر کے متفقہ فیصلہ لینا چاہیے، تاکہ ایک مضبوط پیغام دیا جا سکے کہ ملک کسی بھی قسم کے دہشت گرد حملے کو برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مشکل وقت میں تمام بھارتیوں کو متحد ہو کر اس بزدلانہ حملے کی مذمت کرنی چاہیے۔

کانگریس قانون ساز پارٹی کے رہنما، وجے وڈٹٹی وار نے انکشاف کیا کہ اس حملے میں 26 سیاح جان کی بازی ہار گئے، جن میں مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے تین افراد بھی شامل ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اتنے بڑے حملے کے باوجود انٹیلی جنس ایجنسیوں کو کوئی پیشگی اطلاع کیوں نہ ملی؟ انہوں نے اس واقعے کو سیکیورٹی ایجنسیوں کی سنگین ناکامی قرار دیا اور کہا کہ حکومت کو یہ جواب دینا ہوگا کہ سیاحوں کی حفاظت کے لیے کیا انتظامات کیے گئے تھے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جانا چاہیے۔

اس احتجاجی مارچ میں ہرشوردھن سپکال، وجے وڈٹٹی وار، سابق رکن پارلیمان حسین دلوائی، او بی سی شعبہ کے صدر بھانو داس مالی، ریاستی جنرل سیکریٹری رمیش شیٹی، شریرنگ برگے، ریاستی سیکریٹری ذیشان احمد، آنند سنگھ، دھنراج راٹھوڑ سمیت بڑی تعداد میں کانگریس کے عہدیداران اور کارکنان شریک ہوئے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading