نئی دہلی: کانگریس پارٹی نے ایک اہم سیاسی فیصلہ لیتے ہوئے ہرش وردھن سپکال کو مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کا نیا صدر مقرر کیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال کے دستخط شدہ پریس ریلیز میں اس تقرری کا اعلان کیا گیا۔ اس فیصلے کے تحت کانگریس نے سبکدوش ہونے والے صدر نانا پٹولے کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پارٹی نے مزید اعلان کیا کہ وجے وڈیٹی وار کو مہاراشٹر اسمبلی میں کانگریس کا لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔
ہرش وردھن سپکال ایک سرکردہ گاندھی وادی اور سماجی کارکن ہیں، جنہوں نے اپنی سیاست کا آغاز طلبہ تنظیم این ایسی یو آئی کے ذریعے کیا۔ وہ مہاراشٹر میں کانگریس پارٹی کے ایک پرانے لیڈر رہے ہیں اور مختلف سیاسی و سماجی میدانوں میں سرگرم رہے ہیں۔ سپکال نے اپنی تعلیم بی کام اور بی پی ایڈ میں مکمل کی اور عملی زندگی میں زراعت اور سماجی خدمت سے جُڑے رہے۔ ان کی رہائش گاہ بلڈھانہ میں واقع ہے، جہاں سے وہ کئی دیہی ترقیاتی کاموں میں شامل رہے ہیں۔
سپکال کا شمار مہاراشٹر کے اہم سماجی اور سیاسی کارکنوں میں ہوتا ہے۔ وہ گاندھی جی اور ونوبابھاوے کے نظریات سے متاثر ہوکر گرام سوراج کے قیام کے لیے کوشاں رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں کئی نوجوان کیمپوں کا انعقاد ہوا ہے اور انہوں نے قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے نمایاں کام کیا ہے۔
وہ سابقہ ضلع پریشد بلڈھانہ کے صدر (1999-2002) رہ چکے ہیں اور 2014 سے 2019 تک بلڈھانہ اسمبلی کے ممبر بھی رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ راجیو گاندھی پنچایت راج تنظیم کے موجودہ قومی صدر بھی ہیں۔ ہرش وردھن سپکال کی بطور ریاستی صدر تقرری کو مہاراشٹر کانگریس کے لیے ایک نئے دور کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ وہ کانگریس کے لیے زمینی سطح پر کارکنان کو متحرک کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور دیہی و شہری علاقوں میں پارٹی کو مضبوط بنانے کا تجربہ رکھتے ہیں۔