منصوبوں میں تاخیر سے ریاستی معیشت کو نقصان، ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں: اجیت پوار
ممبئی: مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ریاست میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام محکمے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر سے لاگت میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے، جس کا بالآخر بوجھ ریاست پر پڑتا ہے۔ اس صورتحال سے بچنے کے لیے تمام منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں۔
اجیت پوار نے خصوصی طور پر ہدایت دی کہ پونے میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (AIIMS) کے قیام کے لیے مرکزی وزارت صحت سے رابطہ قائم کیا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کو وزارت میں اپنی صدارت میں منعقدہ پروجیکٹ مانیٹرنگ یونٹ (PMU) کے اجلاس میں دیں۔
اس اجلاس میں منصوبہ بندی کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر راج گوپال دیورا، مالیات کے ایڈیشنل چیف سکریٹری او پی گپتا، محکمہ تعمیرات عامہ کی ایڈیشنل چیف سکریٹری منیشا مہسکر، جنگلات کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ملند مہسکر، ٹرانسپورٹ و بندرگاہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری سنجے سیٹھی، زراعت کے پرنسپل سکریٹری وکاس چندر رستوگی، طبی تعلیم کے سکریٹری دھیرج کمار، تعمیرات عامہ کے سکریٹری سنجے دشپوتے، مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر انیل گائیکواڑ، ’مہاریل‘ کے منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار جیسوال اور محکمہ تعمیرات عامہ پونے ڈویژن کے چیف انجینئر اتل چوہان سمیت دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے۔
اجیت پوار نے اجلاس میں پونے شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک کے مسئلے کو سنگین قرار دیتے ہوئے اس کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ہزاروں نئی گاڑیاں سڑکوں پر آ رہی ہیں، جس سے ٹریفک کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے پونے رنگ روڈ منصوبے کو تیز کیا جائے، جبکہ میٹرو، فلائی اوور اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔ اس کے علاوہ پونے ضلع کے دیہی علاقوں کے لیے ’کرجت-بھیماشنکر-کھیڈ-شیرور‘ سڑک منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کے بھی احکامات دیئے۔
اجلاس میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ریاست کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے لوناؤلہ میں مجوزہ اسکائی واک اور ٹائیگر پوائنٹ منصوبے، پونے-ناسک گرین فیلڈ سیمی ہائی اسپیڈ ریلوے، اور ’سار تھی‘ ادارے کے ناسک، کولہا پور، ناگپور، کھارگھر، چھترپتی سنبھاجی نگر، امراؤتی میں ذیلی مراکز کے قیام کی رفتار کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ، ستارا میں میڈیکل کالج اور علی باغ کے اُسَر میں سرکاری میڈیکل کالج کے منصوبے، ستارا میں سینک اسکول، ریوس میں ریڈڈی سمندری ہائی وے، وڈالا میں جی ایس ٹی بلڈنگ، ریڈیو کلب ممبئی اور رتناگیری کے میرکر واڑا بندرگاہ کی ترقی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجیت پوار نے پونے میں وڈو اور تلپور میں شہید چھترپتی سنبھاجی مہاراج کے مجوزہ میموریل، ویر واستاد لہوجی سالوے میموریل، زرعی بھون، مزدور فلاحی بھون اور سہکار بھون کی تعمیر کے امور کا بھی جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت دی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو ان کے فوائد جلد میسر آ سکیں۔