ناندیڑ (ورق تازہ نیوز): ناندیڑ کے گاڑی پورہ علاقے میں پیش آنے والی گھر میں چوری کی واردات کو اتوارہ پولیس کے جرائم تفتیشی دستے نے محض چند گھنٹوں میں حل کرتے ہوئے ایک مشتبہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے نقد رقم اور پیلے رنگ کی دھات کے 40 موتی سمیت مجموعی طور پر 1 لاکھ 38 ہزار 900 روپے کا مسروقہ مال برآمد کیا ہے۔
پولیس کے مطابق شکایت کنندہ وکرم سنگھ نارائن سنگھ ٹھاکر، عمر 42 سال، ساکن گنیش گلی، گاڑی پورہ، اتوارہ، ناندیڑ، 13 ستمبر 2026 کو کام کے سلسلے میں سیڈکو گئے ہوئے تھے۔ اسی روز دوپہر کے وقت ان کی اہلیہ اور بچے بھی گھر کو تالا لگا کر بازار گئے تھے۔ رات کو جب ان کی اہلیہ واپس آئیں تو گھر کا دروازہ کھلا ہوا تھا، جبکہ الماری کا سامان بکھرا پڑا تھا۔
جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ الماری سے سونے چاندی کے زیورات اور نقد رقم سمیت مجموعی طور پر 3 لاکھ 12 ہزار روپے کا سامان چوری ہوا ہے۔ اس سلسلے میں اتوارہ پولیس اسٹیشن میں جرم نمبر 303/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 331(4) اور 305(A) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
مقدمہ درج ہوتے ہی اعلیٰ پولیس افسران کی رہنمائی میں اتوارہ جرائم تفتیشی دستے نے فوری طور پر جائے واردات کا معائنہ کیا اور علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس کو شک ہوا کہ شکایت کنندہ کی ہی گلی میں رہنے والے کریانہ دکاندار دیپک سنگھ عرف پیوش جیون سنگھ ٹھاکر، عمر 22 سال، کی نقل و حرکت مشتبہ ہے۔ پولیس نے اسے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی۔
پولیس کے مطابق سخت پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے چوری کا اعتراف کیا۔ دو پنچوں کی موجودگی میں ملزم کے مکان کی دوسری منزل پر واقع اسٹور روم میں پلنگ کے نیچے چھپا کر رکھا گیا مال برآمد کیا گیا۔ برآمد شدہ سامان میں 36 ہزار 700 روپے نقد اور پیلے رنگ کی دھات کے 40 موتی شامل ہیں، جن کی مجموعی مالیت 1 لاکھ 38 ہزار 900 روپے بتائی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ واردات میں چوری کیے گئے باقی سونے چاندی کے زیورات اور نقد رقم کی برآمدگی کے ساتھ ساتھ یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ واردات میں کسی اور شخص کا ہاتھ تو نہیں تھا۔ اس کے علاوہ ملزم نے اس نوعیت کی مزید کوئی گھر میں چوری کی واردات کی ہے یا نہیں، اس کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔ ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد 17 ستمبر 2026 تک پولیس کسٹڈی ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے۔
یہ کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ ڈاکٹر نیلاب روہن کے احکامات پر ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ سورج گورَو کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔ کارروائی میں اتوارہ پولیس اسٹیشن کے پولیس انسپکٹر رامیشور کھنال، پولیس انسپکٹر کیلاسے، پولیس سب انسپکٹر جل بازی گائیکواڑ اور پولیس اہلکار مرزا اختر بیگ، بندو قلندر، سداشیو کدم، شیخ اسرائیل، ریوناتھ کورنولے، ہری پرتاپ سنگھ سکھئی، ماروتی گیتے اور ساہے براؤ جگتاپ نے حصہ لیا۔