موسمِ برسات میں پھر تیزی، مہاراشٹر کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان، پنجاب راؤ ڈکھ کا الرٹ

ناندیڑ (ورق تازہ نیوز): مہاراشٹر میں گزشتہ کئی دنوں سے بارش کا سلسلہ تقریباً تھم گیا تھا، جس کے باعث کسانوں کی تشویش میں اضافہ ہوگیا تھا۔ اگست کا پورا مہینہ کئی علاقوں میں خشک گزرنے کے بعد اب ریاست میں مانسون نے دوبارہ سرگرمی دکھانا شروع کردی ہے۔ متعدد اضلاع میں بارش ہوئی ہے، جس سے کسانوں کو کچھ راحت ملی ہے۔ تاہم اب بھی کئی علاقوں میں اچھی بارش کا انتظار ہے۔

اسی دوران موسم کے ماہر پنجاب راؤ ڈکھ نے ریاست میں آئندہ دنوں کے دوران بارش کے حوالے سے نیا اندازہ جاری کیا ہے۔ ان کے مطابق 15 سے 19 ستمبر کے دوران ریاست کے مختلف علاقوں میں بارش ہوگی، تاہم یہ بارش ہر جگہ یکساں نہیں ہوگی بلکہ کہیں زیادہ اور کہیں کم بارش ہونے کا امکان ہے۔

پنجاب راؤ ڈکھ کے مطابق 14 سے 19 ستمبر کے دوران ریاست میں اچھی بارش متوقع ہے۔ بعض علاقوں میں دوپہر تک دھوپ رہے گی، جبکہ شام کے وقت اچانک موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ ممبئی اور ناسک میں اس دوران تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پال گھر، تھانے اور پونے اضلاع میں بھی موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ گھاٹ علاقوں میں بھی بارش کا زور برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ تاہم ریاست کے دیگر حصوں میں بارش بکھری ہوئی شکل میں ہوگی اور ہر علاقے میں بارش نہیں ہوگی۔

20 سے 27 ستمبر کے دوران بارش میں مزید شدت آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس عرصے میں مراٹھواڑہ، مغربی مہاراشٹر اور جنوبی مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خاص طور پر ناندیڑ، لاتور، بیڑ، پربھنی، دھاراشیو، سانگلی، ستارا، کولہاپور، پونے اور اہلیہ نگر اضلاع میں آئندہ ہفتے شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ پنجاب راؤ ڈکھ کے مطابق اس دوران کئی علاقوں میں ورون دیو کی زوردار برسات دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں واپسی کا مانسون بھی اس مرتبہ زور دار رہنے کا امکان ہے۔ اس پیش گوئی کے پیش نظر شہریوں اور کسانوں کو موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے اور ضروری احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading