ناندیڑ (نمائندہ): ناندیڑ شہر اور ضلع میں ٹریفک نظام کو منظم، محفوظ اور رواں رکھنے کے ساتھ ساتھ سڑک حادثات پر قابو پانے کے مقصد سے پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیلابھ روہن کی رہنمائی میں سٹی ٹریفک برانچ، وزیرآباد، اتوارہ اور بھوکر پولیس کی جانب سے خصوصی مہم چلائی گئی۔ اس مہم کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی، فٹنس کی مدت ختم ہوچکی اور مسافروں کی زندگی کے لیے خطرہ بننے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔
ناندیڑ سٹی ٹریفک برانچ کی کارروائی
16 ستمبر 2026 کو صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک وزیرآباد اور اتوارہ سٹی ٹریفک برانچ کے پولیس افسران، اہلکاروں اور آر سی پی پلاٹون کی ٹیم نے شہر میں خصوصی ناکہ بندی کی۔ اس دوران فٹنس سرٹیفکیٹ کی مدت ختم ہوچکی گاڑیوں اور غیر قانونی مسافر بردار گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 85 گاڑیاں ضبط کی گئیں۔
وزیرآباد سٹی ٹریفک برانچ نے 60 گاڑیوں کو تحویل میں لے کر پولیس ہیڈکوارٹر میں جمع کرایا، جبکہ اتوارہ سٹی ٹریفک برانچ نے 25 گاڑیاں ضبط کرکے پولیس ہیڈکوارٹر میں جمع کرائی ہیں۔ ضبط کی گئی گاڑیوں میں آٹو، ٹاٹا میجک، ٹیمپو، کروزَر، موٹر سائیکل سمیت دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔
ان تمام 85 گاڑیوں کے دستاویزات اور اجازت ناموں کی جانچ کے بعد ان کی رجسٹریشن اور پرمٹ معطل کرنے کے لیے آر ٹی او کو باضابطہ تجویز بھیجی گئی ہے۔
بھوکر پولیس کی مشترکہ کارروائی
بھوکر شہر اور اطراف کے شاہراہوں پر بڑھتی ٹریفک کی بھیڑ، حادثات کی بڑھتی تعداد اور ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں کے پیش نظر بھوکر پولیس اسٹیشن، علاقائی ٹرانسپورٹ دفتر (RTO) اور ہائی وے سیفٹی پولیس کی جانب سے مشترکہ طور پر دو روزہ خصوصی چیکنگ مہم چلائی گئی۔
گزشتہ دو دنوں کے دوران اہم چوراہوں اور شاہراہوں پر ناکہ بندی کرکے 145 مشتبہ گاڑیوں کی مکمل جانچ کی گئی۔ اس دوران ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونا، غیر قانونی نقل و حمل، شراب پی کر گاڑی چلانا اور گاڑی کے ضروری دستاویزات موجود نہ ہونا جیسی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
کارروائی کی تفصیلات
1۔ جانچ کی گئی گاڑیوں کی تعداد: 145
2۔ دفعہ 66/192 کے تحت کارروائی: موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت درست پرمٹ، فٹنس یا مقررہ شرائط کی خلاف ورزی کرنے والی 32 گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
3۔ ڈرنک اینڈ ڈرائیو: شراب پی کر گاڑی چلانے والے 10 ڈرائیوروں کے خلاف براہِ راست کارروائی کی گئی، جن سے خود ان کی اور دوسروں کی جان کو خطرہ پیدا ہو رہا تھا۔
4۔ عدالتی مقدمات: سنگین نوعیت کی ٹریفک خلاف ورزیوں کے مرتکب 17 گاڑی ڈرائیوروں کے خلاف عدالت میں مقدمات دائر کیے گئے ہیں۔
5۔ مشتبہ گاڑیاں ضبط: ایسی 12 گاڑیاں جن کے مالکان درست دستاویزات، رجسٹریشن نمبر یا ملکیت کا ثبوت پیش نہیں کرسکے، انہیں مزید تفتیش کے لیے بھوکر پولیس اسٹیشن میں جمع کرایا گیا ہے۔
6۔ جرمانے کی وصولی: مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں سے موقع پر اور ای-چالان کے ذریعے مجموعی طور پر 1 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیلابھ روہن نے واضح کیا ہے کہ ضلع میں فٹنس کی مدت ختم ہوچکی یا کالعدم گاڑیوں کو سڑک پر چلانے، شراب پی کر گاڑی چلانے یا مقررہ گنجائش سے زیادہ مسافروں کو بٹھا کر نقل و حمل کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرکے گاڑیاں ضبط کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ شہر اور دیہی علاقوں میں یہ خصوصی چیکنگ مہم مسلسل جاری رہے گی۔ انہوں نے تمام گاڑی مالکان سے ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے اور پولیس انتظامیہ سے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔