ناندیڑ (ورق تازہ نیوز): زمین کی خرید و فروخت کے نام پر جعلی سودے کی رسیدیں اور دیگر دستاویزات تیار کرکے تقریباً 11 کروڑ 85 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کیے جانے کا سنسنی خیز معاملہ ناندیڑ میں سامنے آیا ہے۔ اس معاملے کے مرکزی ملزم راہل ناگوراؤ گائیکواڑ (عمر 38 سال، ساکن شیورائے نگر، ناندیڑ) کو وزیرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ عدالت نے ملزم کو پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔
اس معاملے کی شروعات 35 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کی شکایت سے ہوئی۔ ناندیڑ کے دیویندر شانتی لال شرما (عمر 39 سال) کی شکایت پر وزیرآباد پولیس اسٹیشن میں مقدمہ نمبر 226/2026 درج کیا گیا۔پولیس کے مطابق، موضع میندھلا، تعلقہ اردھاپور میں واقع زرعی زمین کی جعلی سودے کی رسید تیار کرکے شکایت کنندہ سے 35 لاکھ روپے حاصل کیے گئے تھے۔ معاملے کی تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ زمین کی خرید و فروخت کے نام پر جعلی دستاویزات اور سودے کی رسیدوں کے ذریعے بڑے پیمانے پر مالی دھوکہ دہی کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر یہ رقم 11 کروڑ 85 لاکھ روپے تک پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔
وزیرآباد پولیس نے معاملے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے اور ملزم سے دھوکہ دہی میں استعمال کیے گئے دستاویزات، دیگر افراد کی شمولیت اور مالی لین دین کے بارے میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔