امپھال (ایجنسی): منی پور میں ایک مرتبہ پھر تشدد کے واقعات سامنے آنے سے خوف و ہراس کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ جیریبام ضلع کے لیسانگ کوکی گاؤں میں نامعلوم مسلح افراد نے کھیتوں میں کام کر رہی دو قبائلی خواتین کو گولی مار کر قتل کردیا۔ حملے کے بعد علاقے میں موجود متعدد فارم ہاؤسز کو بھی آگ لگا دی گئی۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جیریبام-تمینگ لونگ سرحدی علاقے میں پیش آیا۔ منگل 15 ستمبر کو تقریباً 3 بجے لیسانگ-مکٹوکھال علاقے میں خواتین اپنے کھیتوں میں کام کررہی تھیں، اسی دوران ان پر فائرنگ کی گئی۔ حملے میں 60 سالہ چونگا سٹل ہاؤ اور 30 سالہ کمبوئی سنگسن ہلاک ہوگئیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق چونگا سٹل ہاؤ اپنے کھیت میں ایندھن کے لیے لکڑیاں جمع کررہی تھیں، جبکہ کمبوئی سنگسن نے حال ہی میں نرسنگ کی تعلیم مکمل کی تھی اور اپنے والدین کی کھیتی کے کام میں مدد کرنے کے لیے واپس گاؤں آئی تھیں۔
حملے کے دوران اپنے کھیتوں میں گئے کچھ دیگر دیہاتیوں کے بارے میں بھی تاحال معلومات نہیں مل سکی ہیں۔ اسی دوران علاقے اور اطراف میں موجود کئی فارم ہاؤسز کو آگ لگا دی گئی، جس سے لوگوں کی جائیداد اور روزگار کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ لاپتہ افراد اور مجموعی جانی نقصان کے بارے میں حتمی معلومات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
یہ تازہ واقعہ 13 ستمبر کو تمینگ لونگ اور نونی اضلاع میں پیش آنے والے الگ الگ حملوں کے صرف دو دن بعد ہوا ہے۔ ان حملوں میں دو خواتین سمیت چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ مسلسل پیش آنے والے تشدد کے واقعات کے باعث جیریبام-تمینگ لونگ علاقے میں عام شہریوں، خصوصاً دور دراز کھیتوں میں کام کرنے والے کسانوں کی سلامتی پر تشویش بڑھ گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے عام شہریوں کے خلاف تشدد کی مذمت کرتے ہوئے امن و امان برقرار رکھنے اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔