اسدا الدین اور اکبر الدین اویسی کا رویہ ڈکٹیٹرانہ :ابوعاصم اعظمی
ایم آئی ایم عہدیداران وکارکنان کی سماج وادی پارٹی میں شمولیت
ایم آئی ایم کی وجہہ سے ہجومی تشدد کے واقعات میں اضافہ:سید معین
ممبئی:24ستمبر۔(ایجنسیز)مہاراشٹر سماجوادی پارٹی سر براہ و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی کی قیادت آج ایم آئی ایم اورنگ آباد کے رضا کاروں اور ضلعی صدور و جنرل سکریٹری نے یہاں ممبئی قلابہ میں سماجوادی پارٹی دفتر میں پہنچ کر سماجوادی پارٹی کا دامن تھام لیا ہے۔ اس موقع پر سماجوادی پارٹی لیڈر و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ ایم آئی ایم چونکہ نفرت کی سیاست کرتی ہے اور اس نے نفرت کی انتہا کر دی ہے۔ ہر جگہ ہندوو ں اور مسلمانوں کو تقسیم کر کے مسلم ووٹوں کا استحصال کر تی ہے اس نے ایک ایسا ماحول قائم کیا ہے جس میں فرقہ پرستی عروج پر ہے ہندوو ں میں مسلمانوں کے تئیں نفرت پیدا کر رہی ہے اور بی جے پی کی پس پردہ حمایت بھی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان پالیسیوں سے ایم آئی ایم کے رضا کار کافی ناراض ہیں ، یہی وجہ ہے کہ وہ ہماری پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں آج بھی اورنگ آباد سے تعلق رکھنے والے ایم آئی ایم کے رضاکاروں نے اپنی پارٹی کی ابتدائی رکنیت چھوڑ کر سماجوادی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ آئندہ بھی ہماری پارٹی کا درواز ہ ہر کسی کے لئے کھلا ہوا ہے اور ہم سیکولر نظریات کے حامل ہیں ہمارا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے۔ایم آئی ایم سے سماجوادی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے فیصل خان نے بتایا کہ ایم آئی ایم پارٹی صرف نفرت کی سیاست کرتی ہے اس نے جو وعدے کئے تھے وہ اب تک وفا نہیں کئے ہیں۔ بھیونڈی ، اورنگ آباد اور ممبرا میں بھی اس نے زمینات پر کالج اسپتال اور مسلمانوں کیلئے فلاحی ادارے قائم کر نے کی بات کی تھی ، لیکن الیکشن کے بعد یہ زمینات ہی فروخت کر دی گئی۔اس کے علاوہ فیصل نے یہ بھی سنگین الزام عائد کیا کہ ایم آئی ایم نہ صرف یہ کہ بی جے پی کی بی ٹیم ہے نفرت پیدا کر کے بی جے پی کو فائدہ پہنچاتی ہے۔ ایم آئی ایم کے دونوں لیڈران اسدا الدین اویسی اور اکبر الدین اویسی کا رویہ ڈکٹیٹرانہ ہے اور یہی بات امتیاز جلیل اور وارث پٹھان میں ہے یہ لوگ اپنے رضاکاروں پر دباو? ڈالتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اورنگ آباد میں جس طرح سے سید متین کو زدوکوب کیا گیا اور پھر اس پر اشتعال انگیزی اور فساد برپا کر نے کا الزام عائد کر کے جیل بھیجا گیا اس وقت ایم آئی ایم نے خود کو اس سے علیحدہ کر دیا اوررضاکاروں کو بھی یہ بتایا گیا کہ اس کا ساتھ نہیں دینا ہے اورنگ آباد میں اس سے کافی ناراضگی ہے۔ان تمام پالیسیوں سے رضا کار بیزار ہوچکے ہیں سماجوادی پارٹی میں شمولیت کی وجہ بیان کر تے ہوئے فیصل نے کہا کہ ابوعاصم اعظمی رضاکاروں کا مکمل تعاون کرتے ہیں اور وہ صرف وعدے نہیں بلکہ عملی کام انجام دیتے ہیں اس لئے ہم نے ان کا دامن تھام لیا ہے۔مہاراشٹر ایس پی کے کارگزار صدر سید معین نے کہا کہ ایم آئی ایم کی وجہ سے ہی آج ہجومی تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ، کیونکہ یہی وہ پارٹی ہے جو دو فرقوں کے مابین نفرت پیدا کرتی ہے۔