بھیونڈی ( شارف انصاری):- آج یہاں بروز اتوار جمیعت کالونی انصار محلہ میں واقع بھیونڈی کے معروف دینی ادارے جامعہ سراج العلوم میں علاقہ کے کارپوریٹر محبوب الرحمن انصاری (ببلو بھائی ) کی جانب سے ایس ایس ہاسپٹل کالہیر کی تعاون سے مفت ہارٹ میڈیکل کیمپ کا شاندار انعقاد کیا گیا جسکا افتتاح شہر بھیونڈی کے مشہور عالم دین حضرت مولانا مفتی محمد حذیفہ صاحب قاسمی کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ اس موقع پر مہمانان خصوصی کے طور سراج العلوم کے رکن شوری حضرت مولانا مفتی محمد یاسین صاحب قاسمی اور مفتی حفیظ اللہ صاحب قاسمی ، اورنگ زیب انصاری ( پپو بھائی )،رونق افروز ، نظیر بابا، مولانا محمد ساجد قاسمی اور ویتال پاڑہ بھیونڈی کے کارپوریٹر ارون راؤت ، اقصی ماسٹر ، وسیع بھائی ، خان فخر عالم،ضیاالحق لالہ بھائی، ننھے بھائی اور دیگر مہمانان موجود تھے ۔ میڈیکل کیمپ کی پوری معلومات دیتے ہوئے ببلو بھائی نے بتایا کہ یہ ہارٹ کے مریضوں کے لئے مخصوص ہے اسمیں ہارٹ سے متعلق بہت سارے چیکپ مفت کئے جائیںنگے اور آگے کی مکمل رہنمائی بھی کی جائیگی ۔ انھوں نے بتایا کے تقریبا 300 سے زائد مریضوں کی جانچ کی جاچکی ہے جبکہ وقت کی قلت کے سبب کئی مریضوں کے فارم ہم نے جمع کر لیا ہے جنھیں ہم اپنے تعاون سے ایس ایس اسپتال پہنچا کر ان کو طبی سہلولیات پہنچائیں گے ۔ وہیں 30 مریضوں کی تشخیص ہونے کے سبب انھیں دیگر مراحل کے لئے اسپتال کی طبی خدمات حاصل کر ان کا مکمل علاج کروایا جائیگا۔ مذکورہ کیمپ میں مریضوں کے چیک اپ کے لئے کالہیر کے ایس ایس ہاسپٹل کی ڈاکٹر شائمہ انصاری ، ڈاکٹر راجو شریگری ، ڈاکٹر دیویندر گھوسلے کے ہمراہ اسپتال کی پوری ٹیم موجود تھی ۔ ببلو بھائی نے علماء کرام اور معزز مہمانوں کا شاندار استقبال بھی کیا ۔مہمان خصوصی کے طور پر تشریف لائے مفتی محمد حذیفہ قاسمی نے ببلو بھائی کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے بہت ساری دعاؤں سے نوازا اور کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنے سے اللہ بہت خوش ہوتا اور دعا دی کہ اللہ آپکی خدمت کو قبول فرمائے اور مزید ایسی خدمات کا حوصلہ عطا فرمائے ۔