نئی دہلی: دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال اور نائب وزیراعلی منیش سسودیا نے بدھ کو تشدد سے متاثرہ شمال مشرقی دہلی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے حالات کاجائزہ لیا۔
کیجریوال اور سسودیا نے حساس علاقوں میں مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور ان سے امن قائم رکھنے کی اپیل بھی کی۔
اس سے پہلے کیجریوال شمالی مشرقی علاقہ کے ڈپٹی پولیس کمشنر کے دفتر گئے۔ عام آدمی پارٹی نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ ڈپٹی پولیس کمشنر سے ملاقات کرنے کے بعد کیجریوال نے جائزہ لینے کے لئے فساد سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے دن میں دہلی ہائی کورٹ نے ایک معاملہ کی سماعت کے دوران وزیراعلی اور ریاست کے دیگر چوٹی حکام کو تشدد سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں میں اعتماد بحال کرنے کے لئے دورہ کرنے کے لئے کہا تھا۔ اس درمیان عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے گاندھی نگر علاقہ میں لوگوں سے امن بحال کرنے کی اپیل کے ساتھ امن مارچ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم تمام متحد ہوکر اپنی دہلی میں امن بحال کرسکتے ہیں۔
دوسری طرف قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوووال نے راجدھانی کے تشدد سے متاثرہ علاقوں کادورہ کرنے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کرکے انہیں صورتحال سے واقف کرایا۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق ڈووال نے اپنے دورہ کے بعد شاہ سے ملاقات کرکے انہیں صورتحال سے واقف کرایا۔انہوں نے کہاکہ صورتحال میں بہتری آرہی ہے اور امن بحال کرنے کے لئے انہوں نے مقامی لوگوں سے بات چیت کی ہے۔ شاہ نے ڈووال کی باتوں کو سنجیدگی کے ساتھ سنا اور غور و خوض کیا۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو